لیبیا سے پاکستانیوں کے انخلا کی کوششیں تیز،تمام پاکستانیوں کو سفارت خانے سے رابطہ کر کے اپنے کوائف کا اندارج کروانے کی ہدایت کر دی گئی ، لیبیا میں 18 ہزار پاکستانی موجود ہیں، اب تک 3,300 افراد نے خود کو سفارت خانے میں رجسٹر کروایا ہے، سرتاج عزیر

بدھ 6 اگست 2014 07:04

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔6اگست۔2014ء ) لیبیا میں سلامتی کی بگڑتی ہوئی صورت حال کے پیش نظر پاکستان نے وہاں مقیم اپنے شہریوں کے انخلا کے لیے کوششیں تیز کر دی ہیں،تمام پاکستانیوں سے کہا گیا ہے کہ وہ سفارت خانے سے رابطہ کر کے اپنے کوائف کا اندارج کروائیں۔وزیراعظم کے مشیر برائے اْمور خارجہ و قومی سلامتی سرتاج عزیز نے منگل کو غٰیرملکی نشریاتی ادارے سے گفتگو میں کہا کہ اس معاملے پر لیبیا میں پاکستان کا سفارت خانہ گزشتہ تین ہفتوں سے مسلسل کام کر رہا ہے۔

سرتاج عزیز نے بتایا کہ لیبیا میں 18 ہزار پاکستانی موجود ہیں، جن میں سے اب تک 3,300 افراد نے خود کو سفارت خانے میں رجسٹر کروایا ہے۔

اْنھوں نے کہا کہ پاکستانیوں کی واپسی کے لیے مختلف راستوں پر غور کیا جا رہا ہے۔

(جاری ہے)

”اس کے لیے تین راستے سوچے جا رہے ہیں، تیونیس سے چارٹرڈ فلائیٹ کے ذریعے ،ایک فیری کے ذریعے مالٹا اور ایک چارٹر جہاز کے ذریعے ان کو استنبول لایا جا سکتا ہے اس کے بعد وہ ترک ائیرلائئنز کے ذریعے واپس آ سکتے ہیں۔

۔۔۔ اب مختلف راستوں کے بارے میں غور کیا جا رہا ہے۔ جو مختلف ممالک ہیں جیسے مصر، ان سے ہم رابطے میں ہیں اور ان سے ہم کہیں گے کہ یہ ہمارے لوگ ہیں ان کو آپ ویزے دے دیں۔ میرے خیال میں وہاں سے انخلا شروع ہو جائے گا اور لوگ وہاں سے آنا شروع ہو جائیں گے۔‘