عمران خان یوم آزادی کے موقع پرمارچ کر کے پاکستان کو شام ،عراق اور غزہ بنانا چاہتے ہیں، احسن اقبال ،حکومت انہیں انتخابی اصلاحات کی کمیٹی کا چیئرمین بنانے پر تیار ہے لیکن ان کا ایجنڈا ایک منتخب حکومت کو گرانا ہے جس میں وہ کامیاب نہیں ہوں گے ،پارلیمنٹ ہاؤس کے باہر صحافیوں سے گفتگو

بدھ 6 اگست 2014 07:02

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔6اگست۔2014ء) منصوبہ بندی اور ترقی کے وفاقی وزیر احسن اقبال نے کہا ہے کہ عمران خان یوم آزادی کے موقع پرمارچ کر کے پاکستان کو شام ،عراق اور غزہ بنانا چاہتے ہیں۔حکومت انہیں انتخابی اصلاحات کی کمیٹی کا چیئرمین بنانے پر تیار ہے لیکن ان کا ایجنڈا ایک منتخب حکومت کو گرانا ہے جس میں وہ کامیاب نہیں ہوں گے ۔

(جاری ہے)

پارلیمنٹ ہاؤس کے باہر صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ الیکشن کمیشن نے اب تک 73 کیسز نمٹائے ہیں اور یہ پاکستان کی تاریخ میں پہلی مرتبہ ہو رہا ہے۔اگر عمران کو جمہوری نظام کے حوالے سے یا الیکشن کے حوالے سے اعتراضات ہیں تو وہ پارلیمنٹ میں تشریف لائیں ۔غیر آئینی راستہ اختیار نہ کریں۔ایسے اقدامات سے گریز کیا جائے جس سے جمہوریت غیر مستحکم ہو۔عمران خان ان طاقتوں کے ہاتھوں میں کھیل رہے ہیں جن طاقتوں نے پرویز الٰہی اور چوہدری شجاعت کو 12 سال تک آلہ کار بنائے رکھا۔انہوں نے کہا کہ فوج حکومت کے ساتھ کھڑی ہے اگر دھاندلی کے حوالے سے کوئی شکایت ہے تو الیکشن کے حوالے سے انتخابی اصلاحات کمیٹی میں آئیں انہیں خوش آمدید کہیں گے۔