نوازشریف منتخب وزیراعظم ہیں استعفیٰ کیوں دیں، ڈاکٹر آصف کرمانی،وزیراعظم کو پارلیمنٹ میں واضح اکثریت حاصل ہے،عمران خان کو خیبرپختونخواہ حکومت اسی جمہوریت اور انہی انتخابات کی بدولت ملی،90دن میں کرپشن کے خاتمے کے دعویدار صوبہ خیبرپختونخواہ میں کچھ کر کے بھی دکھائیں،وزیراعظم کے پولیٹیکل سیکرٹری کا عمران خان کے بیان پر تبصرہ

بدھ 6 اگست 2014 06:56

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔6اگست۔2014ء)وزیراعظم کے پولیٹیکل سیکرٹری ڈاکٹر آصف کرمانی نے کہا ہے کہ محمدنوازشریف پاکستان کے منتخب وزیراعظم ہیں وہ استعفیٰ کیوں دیں جبکہ انہیں پارلیمنٹ میں واضح اکثریت بھی حاصل ہے۔ وزیراعظم کے پولیٹیکل سیکرٹری ڈاکٹر آصف کرمانی نے عمران خان کے بیان پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا کہ عمران خان کو صوبہ خیبرپختونخواہ میں حکومت اسی جمہوریت اور انہی انتخابات کی بدولت نصیب ہوئی جس کے خلاف وہ محاذ کھولے بیٹھے ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ 90دن میں کرپشن کا خاتمہ کرنے کے دعویدار اپنے صوبے خیبرپختونخوا میں کچھ کر کے بھی دکھائیں۔محض نعروں اور دھواں دھار تقریروں سے عوام کے مسائل حل نہیں ہو سکتے۔ اس کے لئے شب و روز محنت کرنا پڑتی ہے۔ ڈاکٹر آصف کرمانی نے کہا کہ مخالفین مسلم لیگ (ن) کے تیزرفتار ترقیاتی ایجنڈے سے بری طرح خوفزدہ ہو چکے ہیں اور منفی ہتھکنڈوں کے ذریعے ملک میں انتشار اور بے یقینی پیدا کرنا چاہتے ہیں مگر عوام منفی سیاست کرنے والوں اور ان کے عزائم سے بخوبی واقف ہیں۔