پی ٹی آئی ارکان اسمبلی جان دیدیں گے استعفیٰ نہیں، خواجہ آصف، عمران خان کے نزدیک جمہوریت وہ ہے جو انہیں وزیراعظم بنائے،بیان

پیر 4 اگست 2014 09:04

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔4اگست۔2014ء) وزیر دفاع خواجہ محمد آصف نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی کے ارکان اسمبلی جان دے دیں گے استعفیٰ نہیں، عمران خان کے نزدیک جمہوریت وہ ہے جو انہیں وزیراعظم بنائے۔

(جاری ہے)

میڈیارپورٹ کے مطابق وزیر دفاع خواجہ محمد آصف نے بھی عمران خان کو کڑی تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے انکشاف کیا ہے کہ پی ٹی آئی کے ارکان اسمبلی جان دے دیں گے، استعفیٰ نہیں، اگر مینڈیٹ جعلی ہے تو عمران خان خود استعفیٰ دیں اور خیبرپختونخوا حکومت بھی برطرف کردیں۔

ان کا کہنا تھا کہ عمران خان ڈرتے ہیں کہ کہیں پشاور یا میانوالی کے ضمنی الیکشن والا حال نہ ہو، پی ٹی آئی سربراہ 2002ء میں میچ فکسنگ کے ذریعے قومی اسمبلی میں پہنچے، وہ خیبرپختونخوا میں اپنی ناکامی کا بدلہ جمہوریت سے لے رہے ہیں، عمران خان کے نزدیک جمہوریت وہ ہے جو انہیں وزیراعظم بنائے۔