جعلی مارچ اور انقلاب میں غیر ملکی فنڈنگ شامل ہے،خواجہ سعد رفیق، ہماری حکومت گرانے کی کوشش ہوئی تو آئندہ کوئی بھی حکومت نہیں کر سکے گا، 14 اگست کو ڈنڈا نہیں چلے گا ہم مذاکرات سے معاملات حل کرنا چاہتے ہیں ،شیخ رشید اس وقت بی جمالو اور پرویز الٰہی پھاپھے کٹنی کا کردار ادا کررہے ہیں، میڈیا سے گفتگو

پیر 4 اگست 2014 09:02

گوجرانوالہ (اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔4اگست۔2014ء) وفاقی وزیر ریلوے خواجہ سعد رفیق نے کہاہے کہ جعلی مارچ اور انقلاب میں غیر ملکی فنڈنگ شامل ہے ہماری حکومت گرانے کی کوشش ہوئی تو آئندہ کوئی بھی حکومت نہیں کر سکے گا۔ 14 اگست کو ڈنڈا نہیں چلے گا ہم مذاکرات سے معاملات حل کرنا چاہتے ہیں گوجرانوالہ میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے خواجہ سعد رفیق نے کہا کہ جعلی انقلاب سے متعلق قوم کو کچھ نہیں بتایا گیاطاہر القادری کے انقلاب کا ایجنڈا خود ان کے ساتھی بھی نہیں جانتے وہ نہ تو حکومت کو مانتے ہیں اور نہ ہی عدالتوں کو مانتے ہیں انہوں نے کہا کہ لانگ مارچ اور انقلاب والوں کو بیرونی امداد ملی ہے انہوں نے کہا کہ عمران خان اور طاہر القادری سے رابطوں کی کوشش کررہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ عمران خان طالبان سے بات کرنا چاہتے ہیں لیکن حکومت سے نہیں۔

(جاری ہے)

یوم آزادی پر لانگ مارچ کا اعلان کرنے سے ثابت ہوگیا کہ عمران خان باپختہ سیاستدان ہیں چودہ اگست کو کوئی ڈنڈا نہیں چلے گا طالبان سے مذاکرات کی بات کرنے والے حکومت سے کیوں نہیں کررہے؟۔

ان کا کہنا تھا کہ حکومت کی ذمہ داری ہے کہ بات چیت سے معاملات حل کرے حکومت نے ماہ آزادی کی تقریبات تیس روز منانے کا اعلان کیا ہے اس وقت ملک حالت جنگ میں ہے یہ جھگڑے اور اختلافات کا وقت نہیں الطاف حسین مشورے دینے کی بجائے خود ان پر عمل کریں انہوں نے کہا کہ شیخ رشید اس وقت بی جمالو اور پرویز الٰہی پھاپھے کٹنی کا کردار ادا کررہے ہیں ۔

انہوں نے کہا کہ زندہ قومیں مشکل وقت میں یکجا ہوتی ہیں ایک سوال پر کہا کہ اسلام آباد میں فوج کی تعیناتی اہم تنصیبات کی حفاظت کیلئے ہے فوج کی تعیناتی کا تعلق دھرنے یا مارچ سے ہر گز نہیں ہے انہوں نے کہا کہ ملک میں جنگ کی باتیں کرنیو الے دہشت گردوں ‘ بھوک و افلاس اور ملک دشمنوں سے لڑیں ہماری حکومت گرانے کی کوشش ہوئی تو پھر ملک میں اور کوئی بھی حکومت نہیں کر سکے گا۔

متعلقہ عنوان :