عمران خان اور طاہرالقادری غیر ملکی ایجنڈے کے تحت ملک میں افراتفری پھیلانے کی سازش کررہے ہیں، عابد شیر علی،عوام انہیں کبھی بھی کامیاب نہیں ہونے دیں گے، تحریک انصاف کے اراکین قومی اسمبلی نے استعفے دئیے تو انہیں منظور کرکے ضمنی انتخابات کرائے جائیں گے ، گفتگو

پیر 4 اگست 2014 09:02

فیصل آباد(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔4اگست۔2014ء) وزیر مملکت عابد شیر علی نے کہا ہے کہ عمران خان کے ملک میں طالبان اور ان کے ساتھیوں اور دہشت گردوں کے ایجنڈے کو عوام نے مسترد کرکے پاکستان کی افواج اور حکومت کی طرف سے ضرب عضب آپریشن کے تحت دہشت گردوں کیخلاف کارروائی کا بھرپور ساتھ دیا ہے اور اس سلسلے میں افواج پاکستان کو بڑی کامیابی نصیب ہوئی ہے اور ہشت گردوں کی اکثریت کو ہلاک کیا جاچکا ہے جبکہ بقایا دہشت گردوں کا پاکستانی افواج کے جوان تعاقب کررہے ہیں اورپاکستان کی تمام محب وطن سیاسی جماعتوں کے علاوہ دینی و مذہبی جماعتیں وزیرستان سے آنے والے مہاجرین کی بھرپور دیکھ بھال کے علاوہ مالی امداد کیساتھ ساتھ ان کیلئے ہرممکن تعاون کیلئے تیار ہیں اس طرح پاکستان کے محب وطن عوام ان مہاجرین سے اسی طرح کا عملی تعاون کررہے ہیں جس طرح 1947ء میں قیام پاکستان کے موقع پر مسلمان عوام نے کیا تھا۔

(جاری ہے)

عابد شیر علی نے کہا کہ عمران خان اور طاہرالقادری کس غیر ملکی ایجنڈے کے تحت ملک میں افراتفری پھیلانے کی سازش کررہے ہیں۔ پاکستان کے اٹھارہ کروڑ عوام انہیں کبھی بھی کامیاب نہیں ہونے دیں گے۔

انہوں نے ”خبر رساں ادارے“ کو بتایا کہ اگر تحریک انصاف کے اراکین قومی اسمبلی نے استعفے دئیے تو انہیں منظور کرکے ضمنی انتخابات کرائے جائیں گے۔

انہوں نے صوبہ خیبر پختونخواہ کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ صوبہ کے ممبران قومی و صوبائی اسمبلی کی اکثریت مستعفی ہونے کیلئے ہرگز تیار نہیں۔ انہوں نے خاص طور پر جماعت اسلامی کے اراکین قومی و صوبائی اسمبلی کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ وہ کسی بھی صورت میں اپنے صوبے کے قومی مفاد میں مستعفی ہونے کیلئے تیار نہیں ہیں جس کا واضح ثبوت امیر جماعت اسلامی سراج الحق کی آج کی پریس کانفرنس ہے جس میں انہوں نے صاف طور پر کہہ دیا ہے کہ جماعت اسلامی کے اراکین اسمبلی توڑنے اور مستعفی ہونے کیخلاف ہیں۔

اگر وزیراعلی نے اسمبلی توڑنے کی کوشش کی تو جماعت اسلامی کے امیر نے کہہ دیا ہے کہ وہ عدالت میں جائیں گے اور جماعت اسلامی چاہتی ہے کہ وہ صوبہ خیبر پختونخواہ میں اپنے پانچ سال پورے کرے۔ عابد شیر علی نے کہا کہ اب عمران خان کو بھی ہوش کے ناخن لینے چاہئیں۔ ان کے جو جائز مطالبات ہیں وہ اسمبلی فلور پر لے کر آئیں اور اس سلسلے میں حکومت نے الیکشن اصلاحات کیلئے تمام سیاسی جماعتوں سے مل کر کمیٹی قائم کردی ہے جس کا جلد سپیکر قومی اسمبلی اجلاس بلائیں گے اور اس کمیٹی کے فیصلے اور ان فیصلوں اور تجاویز کو قانونی شکل دی جائے گی اور الیکشن کمیشن کو ایک بااختیار ادارہ بنایا جائے گاتاکہ آئندہ کوئی بھی سیاسی جماعت اور اس کے امیدوار الیکشن کمیشن اور ریٹرننگ آفیسر اور عملے پر جانبداری کا الزام نہ لگاسکیں۔