جمہوریت بچاؤ،سابق چیف جسٹس افتخار چوہدری بھی متحرک ہوگئے، ملک بھر میں رابطے،متحدہ وکلاء کمانڈ ایکشن کمیٹی بھی بنائے جانے کا امکان

اتوار 3 اگست 2014 09:31

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔3اگست۔2014ء)سابق چیف جسٹس افتخار محمد چوہدری نے جمہوریت کو ڈی ریل ہونے سے بچانے کے لئے تحریک انصاف سمیت دیگر جماعتوں کی جانب سے ہونے والے لانگ مارچ سے نمٹنے کے لئے وکلاء برادری سے ملک بھر سے رابطے شروع کر دیئے ہیں ۔اس حوالے سے ایک متحدہ وکلاء کمانڈ ایکشن کمیٹی بھی بنائے جانے کا امکان ہے۔ذرائع نے خبر رساں ادارے کو بتایا کہ سابق چیف جسٹس نے ملک بھر کی بار ایسوسی ایشن سے رابطوں کا آغاز کر دیا ہے ۔

(جاری ہے)

اس حوالے سے جمہوریت کے استحکام اور آئین کو مضبوط کرنے کے لئے وکلاء سے کردار ادا کرنے کی استدعا کی گئی ہے۔ذرائع کا کہنا ہے کہ سابق چیف جسٹس تمام بارکونسلز کے صدور کو ایک خط بھی تحریر کررہے ہیں جس میں ان سے آئین کی حکمرانی میں کردار ادا کرنے بارے بات کی جائے گی ۔ذرائع کا کہنا ہے کہ سابق چیف جسٹس کے ساتھ سابق وکلاء تحریک کے سرگرم رہنماؤں میں بہت کم لوگ ساتھ دیں گے ۔ذرائع کاکہنا ہے کہ بیرسٹر اعتزاز احسن ،علی احمد کرد،حامد خان سمیت کئی رہنما سابق چیف جسٹس سے نالاں ہیں اور ان کے کسی پروگرام میں ان کا ساتھ نہیں دیں گے ۔