و زیراعظم کی طرف سے وزیراعلیٰ پنجاب سمیت دیگر انتہائی قریبی دوستوں سے ملکی صورتحال پر طویل ملاقاتوں کا جاری، قریبی دوستوں کا ملک کو درپیش چیلنجز سے نکالنے کیلئے وزیراعظم کو ون مین شو چھوڑ کر ایک ٹیم کے ساتھ موثر اندازمیں اقدامات کرنے کا مشورہ ، وزیراعظم کی تحریک انصاف کے مارچ کو روکنے کیلئے طاقت کا استعمال نہ کرنے کی یقین دہانی

اتوار 3 اگست 2014 09:30

رائیونڈ(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔3اگست۔2014ء) وزیراعظم میاں محمد نواز شریف کو قریبی دوستوں کی طرف سے مشورہ دیا گیا ہے کہ وہ ون مین شو چھوڑ کر ایک ٹیم کے ساتھ موثر اندازمیں اقدامات کریں تاکہ ملک کو درپیش چیلنجز سے نکالا جاسکے جبکہ وزیراعظم نے یقین دلایا ہے کہ تحریک انصاف کے مارچ کو روکنے کیلئے ہرگز طاقت کا استعمال نہیں کیا جائے گا ۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق و زیراعظم کی طرف سے وزیراعلیٰ پنجاب میاں شہباز شریف سمیت دیگر انتہائی قریبی دوستوں سے ملکی صورتحال پر طویل ملاقاتوں کا سلسلہ کئی روز سے جاری ہے جس کے دوران وزیراعظم موجودہ صورتحال سے نمٹنے کیلئے صلاح مشورہ کررہے ہیں اور انہیں قریبی دوستوں نے مشورہ دیا ہے کہ وہ کابینہ میں مناسب ردوبدل سمیت دیگر ایسے اقدامات کریں جن سے ملک میں پائے جانے والا یہ تاثر ختم ہوکہ حکومت صرف ون مین شو ہے اور وزراء سمیت اہم شخصیات سے صلاح مشورے کے ذریعے اقدامات کئے جائیں ۔

(جاری ہے)

اطلاعات کے مطابق دوستوں نے مشورہ دیا ہے کہ یہ اقدامات فوری بنیادوں پر ہونے چاہیے تاکہ کئی دیر نہ ہوجائے اور صورتحال قابو سے باہر نہ ہو ۔ ذرائع کے مطابق وزیراعظم نے ان ملاقاتوں میں زور دیا ہے کہ تمام مسائل ایک رات میں حل نہیں ہوسکتے ملکی اور غیر ملکی حالات کو دیکھا جائے تو بہت سے مسائل آئندہ سال مارچ کے بعد حل ہوسکیں گے جب افغانستان سے امریکی فوج کی واپسی اور مقامی سطح پر اہم تبدیلیاں ہونگی ۔

اطلاعات کے مطابق نواز شریف نے اس امر پر افسوس کا اظہار کیا کہ اگرچہ انہوں نے نچلی سطح کے امریکی رہنماؤں سے ملاقاتوں سے احتراض کیا ہے تاہم اس کے باوجود یہ تاثر ختم نہیں کیا جاسکے کہ اہم فیصلے امریکی دباؤ میں ہی کئے جاتے ہیں ۔ اطلاعات کے مطابق نواز شریف نے واضح طور پر بتایا کہ عمران خان کے لانگ مارچ کیخلاف کوئی ایسا قدم نہیں اٹھایا جائے گا جس سے قانون نافذ کرنے والے اداروں اور تحریک انصاف کے کارکنوں کے درمیان کسی قسم کا تصادم ہو ۔

شرکاء کو یہ بھی بتایا گیا ہے کہ عمران خان سے رابطے جاری ہیں اور توقع ہے کہ انہیں اس امر پر قائل کرلیا جائے گا کہ وہ مارچ ضرور کریں لیکن کوئی ایسا اقدام کرنے سے گریز کریں جس سے جمہوریت کو خطرہ لاحق ہو ۔

وزیراعظم محمد نوازشریف سے وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف اوروزیرداخلہ چوہدری نثارعلی خان کی مری میں ملاقات ہے جس میں پاکستان تحریک انصاف کے 14اگست کو آزادی مارچ اورجشن آزادی کی تقریب کے حوالے سے تبادلہ خیال کیاگیا۔میڈیارپورٹس کے مطابق وزیراعظم سے وفاقی وزیراطلاعات سینیٹر پرویزرشید اور وفاقی وزیر ریلوے خواجہ سعدرفیق نے بھی ملاقات کی جس میں ملک کی موجودہ سیاسی صورتحال ،تحریک انصاف کے آزادی مارچ اور دیگر اہم معاملات پربات چیت کی گئی۔