غزہ پر اسرائیل کے تازہ حملے میں 150 فلسطینی شہید ہوگئے، جاں بحق فلسطینیوں کی تعداد 1600 کے قریب پہنچ گئی، اگر حماس اس کشیدگی کو ختم کرنے کے بارے میں سنجیدہ ہے تو وہ فوراً اسرائیلی فوجی کو غیر مشروط طور پر رہا کرے‘اوباما

اتوار 3 اگست 2014 09:28

غزہ (اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔3اگست۔2014ء)غزہ پر اسرائیل کے تازہ حملے میں 150 فلسطینی شہید ہوگئے۔ غیر ملکی خبررساں ادارے کے مطابق اپنے ایک ایک فوجی کے حماس کے ہاتھوں پر یرغمال بنائے جانے کے دعوی کے بعد اسرائیلی فوج نے غزہ علاقے رفاہ میں تازہ بمباری اور شیلنگ کی جس کے نتیجے میں ڈیڑھ سو فلسطینی شہید اور متعدد زخمی ہوگئے ۔واضح رہے اسرائیل کی جانب سے اپنے ایک فوجی کے لاپتہ ہو جانے کے دعوے کے بعد حماس نے اپنے بیان میں اسرائیلی فوجی بارے لاعلمی کا اظہار کیا ہے۔

سرائیل کی غزہ میں 26 روز سے درندگی جاری ہے، رفاح پر تازہ اسرائیلی حملوں میں5 معصوم بچوں سمیت 19 فلسطینی شہید کر دئے گئے، جس کے بعد جاں بحق فلسطینیوں کی تعداد 1600 کے قریب پہنچ گئی، دوسری جانب حماس کی جوابی کارروائیوں میں اب تک 63 اسرائیلی فوجی ہلاک ہوئے ہیں جبکہ 1 اسرائیلی فوجی لاپتا ہے۔

(جاری ہے)

اسرائیلی مظالم تھمنے کا نام نہیں لے رہے۔

عالمی برادری، انسانی حقوق کی تنظیمیں، تمام عالمی رہنما اسرائیل کے آگے بے بس دکھائی دے رہے ہیں۔

اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل بان کی مون اور امریکی وزیر خارجہ جان کیری کی جانب سے اعلان کے بعد جمعے کے روزغزہ کے مقامی وقت کے مطابق صبح 8 بجے جنگ بندی کا نفاذ عمل میں آیا، مگر یہ جنگ بندی محض کچھ دیر برقرار رہی اور اسرائیل نے ایک مرتبہ پھر غزہ پر آگ برسانا شروع کردی۔ جمعے کے روز اسرائیلی حملوں میں 50 فلسطینی شہید اور220 زخمی ہوئے۔ مغربی کنارے میں اسرائیلی فورسز اور فلسطینیوں کے دوران جھڑپیں بھی ہوئیں جن میں 2 فلسطینی جاں بحق ہوئے۔

اسرائیل نے معاہدے کی خلاف ورزی کا الزام پھرحماس پر عائد کیا ہے۔ اسرائیلی فوجی ترجمان کے مطابق جنگ بندی کے 90 منٹ بعد اسرائیلی فوج غزہ کی پٹی کے جنوبی علاقوں میں زیر زمین سرنگوں کی تلاش کر رہی تھی کہ حماس نے حملہ کرکے 2 اسرائیلی فوجیوں کو ہلاک اور ایک فوجی کواغوا کر لیا۔ دوسری جانب امریکی صدرنے اسرائیلی فوجی کو حراست میں لیے جانے کی مذمت کی ہے۔

وائٹ ہاؤس میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے صدر اوباما نے کہا کہ اگر حماس اس کشیدگی کو ختم کرنے کے بارے میں سنجیدہ ہے تو وہ فوراً اسرائیلی فوجی کو غیر مشروط طور پر رہا کرے۔

دوسری جانب حماس نے ایک بیان میں اسرائیلی فوجی کی گمشدگی سے لاتعلقی کا اظہار کیا ہے۔ حماس کے عسکری ونگ القسام بریگیڈ کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ جس علاقے میں اسرائیلی فوجی لا پتا ہوا ہے وہاں لڑنے والے گروپ سے رابطہ منقطع ہو گیا ہے اورخدشہ ہے کہ لڑائی میں اس گروپ کے لوگ اورکئی اسرائیلی فوجی مارے گئے ہیں۔ علاوہ ازیں برطانیہ کے اپوزیشن لیڈر ایڈ ملی بینڈ نے غزہ میں فلسطینی شہریوں کے قتل عام پر تشویش ظاہر کی ہے۔ انہوں نے اسرائیل سے مطالبہ کیاہیکہ تشد د کا سلسلہ روکا جائے۔

متعلقہ عنوان :