عوامی تحریک اور تحریک انصاف کے مرکزی قائدین کی اگلے ہفتے ملاقات کا قوی امکان، عمران خان اور طاہر القادری کے درمیان لاہور یا اسلام آباد میں کسی بھی وقت ہنگامی ملاقات ہوسکتی ہے، ذرائع

ہفتہ 2 اگست 2014 09:19

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔2اگست۔2014ء) پاکستان عوامی تحریک اور پاکستان تحریک انصاف کے مرکزی قائدین کے درمیان اگلے ہفتے ملاقات کا قوی امکان ہے۔ اس سلسلے میں عمران خان اور طاہر القادری کے درمیان لاہور یا اسلام آباد میں کسی بھی وقت ہنگامی ملاقات ہوسکتی ہے۔ ذرائع نے خبر رساں ادارے کو بتایا کہ تحریک انصاف کی آزادی مارچ میں شرکت کیلئے تحریک انصاف نے سیاسی جماعتوں سے باضابطہ رابطے شروع کردیئے ہیں۔

اس سلسلے میں تحریک انصاف نے پاکستان عوامی تحریک کو بھی آن بورڈ لینے کا فیصلہ کیا ہے۔ اس سلسلے میں سینئر رہنماؤں کی ملاقات چار اگست سے شروع ہونے والے آئندہ ہفتے میں ہونے کا قوی امکان ہے ذرائع نے خبر رساں ادارے کو بتایا کہ پاکستان عوامی تحریک کے سربراہ ڈاکٹر طاہر القادری کو تمام تر فیصلے کے اختیارات دے دیئے ہیں اس سلسلے میں کسی بھی وقت پاکستان تحریک انصاف کے ساتھ آزادی مارچ میں شرکت کا اعلان کر سکتے ہیں

ذرائع کا کہنا ہے پاکستان عوامی تحریک کے رہنماؤں سے ڈاکٹر طاہر القادری نے یونین سطح پر مشاورت شروع کر رکھی ہے جو آئندہ اڑتالیس گھنٹوں میں مکمل ہونے کا امکان ہے ذرائع کا کہنا ہے کہ عوامی تحریک کی مرکزی قیادت نے مجلس عاملہ اراکین نے ڈاکٹر طاہر القادری کو عمران خان سے اتحاد کرنے یا مستر کرنے کے حوالے سے تمام تر اختیار دے دیا ہے۔

(جاری ہے)

اس سلسلے میں پاکستان عوامی تحریک زمینی حقائق ‘ سانحہ ماڈل ٹاؤن لاہورکی انکوائری رپورٹ اور دیگر راولپنڈی اسلام آباد میں گرفتار کارکنان کے معاملات پر باریک بینی سے جائزہ لے رہی ہے جلد ہی حتمی لائحہ عمل کا اعلان کردیا جائے گا۔ ذرائع کا یہ کہنا ہے کہ یہ بھی امکان ہے کہ ڈاکٹر طاہر القادری صرف آزادی مارچ میں شرکت کی حامی بھریں اور اپنے تنظیمیں ایجنڈا جس میں ملک بھر میں انقلاب لانے کا فیصلہ کیا گیا ہے اس پر اس آزادی مارچ کے بعد عمل کیا جانے کا مکان ہے۔