پاکستان اور آئی ایم ایف کے درمیان مذاکرات 6 اگست کو دبئی میں ہونگے، معاشی اہداف، اسٹیٹ بینک کی کارکردگی، ٹیکسوں کی وصولیاں، نجکاری میں پیشرفت کا جائزہ متوقع

جمعہ 1 اگست 2014 05:43

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔یکم اگست۔2014ء)بین الاقوامی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) اور پاکستان کے درمیان گزشتہ مالی سال کی چوتھی سہ ماہی کے اقتصادی جائزے کیلئے مذاکرات 6 اگست کو دبئی میں ہوں گے۔

(جاری ہے)

وزارت خزانہ کے ذرائع کے مطابق پاکستان اور آئی ایم ایف کے درمیان معیشت کے جائزے کیلئے مذاکرات 6 اگست کو دبئی میں ہوں گے،

ملاقات میں عالمی مالیاتی ادارے کی جانب سے اپریل تا جون 2014ء کے ملکی معاشی اہداف، اسٹیٹ بینک کی کارکردگی، ٹیکسوں کی وصولیاں، نجکاری کے عمل میں پیشرفت کا جائزہ لیا جائے گا۔

ذرائع کے مطابق اس دوران آئی ایم ایف کی جانب سے تجویز کردہ ٹیکس چھوٹ ختم کرنے کے معاملات بھی زیر غور آئیں گے، کامیاب معاشی جائزے کے بعد پاکستان کیلئے عالمی ادارے کی جانب سے 55 کروڑ ڈالر کی پانچویں قسط کا اجراء کیا جائے گا۔آئی ایم ایف کے ساتھ چوتھے اقتصادی جائزے کیلئے تمام وزارتوں، ڈویڑنز اور اداروں سے مالی سال 14-2013ء کی آخری سہ ماہی کا ڈیٹا طلب کرلیا گیا ہے، وزارت خزانہ نے تمام متعلقہ اداروں کو خطوط جاری کردئیے ہیں۔