پاک بھارت خارجہ سیکرٹریوں کے درمیان ملاقات کی تاریخ طے ہونے کے بعد دونوں طرف کے سفارتکاروں نے مختلف تنازعات پر تجاویزاکٹھی کرنے کا سلسلہ شروع کردیا، جوخارجہ سیکرٹریوں کی ملاقات میں پیش کی جائے گی

پیر 28 جولائی 2014 07:52

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔28جولائی۔2014ء)پاکستان اور بھارت کے خارجہ سیکرٹریوں کے درمیان ملاقات کی تاریخ طے ہونے کے بعد دونوں طرف کے سفارتکاروں نے مختلف تنازعات پر تجاویزاکٹھی کرنے کا سلسلہ شروع کردیا ہے جو خارجہ سیکرٹریوں کی ملاقات میں پیش کی جائے گی ۔ دفتر خارجہ کے ذرائع کے مطابق پاکستان کی طرف سے مسئلہ کشمیر اور دہشتگردی سمیت تمام امور پر کھلے دل سے بات چیت کی جائے گی اور اس امر پر زور دیا جائے گا کہ مذاکراتی عمل ہر صورت میں جاری رہنا چاہیے کیونکہ مذاکراتی عمل رکنے سے اس عمل کے دوران ہونے والی تمام تر پیش رفت پر پانی پھر جاتا ہے ۔

ذرائع کے مطابق پاکستان اس امر پر بھی زور دیگا کہ سیاچن اور سرکریک کے معاملات پر کافی پیش رفت ہوچکی ہے

اس لئے دونوں ملکوں کو ان مسائل کے بارے میں حتمی رائے قائم کرنی چاہیے تاکہ انہیں ہمیشہ کیلئے حل کیاجاسکے ۔

(جاری ہے)

دوسری جانب سفارتی ذرائع پاک بھارت خارجہ سیکرٹریوں کی مجوزہ ملاقات کو بڑی اہمیت دے رہے ہیں اور ان کا کہنا ہے کہ اس ملاقات سے دونوں ملکوں کے درمیان رابطوں کا نیا سلسلہ شروع ہوسکتا ہے اور اس سے تنازعات کے حل کی راہ ہموار ہوسکتی ہے ۔ واضح رہے کہ وزیراعظم میاں نواز شریف کے گزشتہ دور حکومت میں واجپائی حکومت کے ساتھ اہم پیش رفت جاری تھی اور نواز شریف اسی سلسلے کو وہیں سے آگے بڑھانا چاہتے ہیں جہاں سے یہ سلسلہ ٹوٹا تھا ۔

متعلقہ عنوان :