فوج کو جتنا راستہ دیں گے وہ اتنا ہی آگے آئے گی،شیخ رشید، 14 اگست کی رات کسی نے پرچم کشائی کی تو اسکے خلاف پرچہ کٹواؤں گا ، 3 ماہ کیلئے دفعہ 245 کا نفاذ لمحہ فکریہ ، نواز شریف نااہل ٹولے کے ساتھ کھیل رہے ہیں، سربراہ عوامی لیک کی صحافیوں سے گفتگو

اتوار 27 جولائی 2014 08:51

جدہ (اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔27جولائی۔2014ء) پاکستان عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ 14 اگست کی رات کسی نے بھی پرچم کشائی کی تو اسکے خلاف پرچہ کٹواؤں گا،انہوں نے کہا کہ فوج کو جتنا راستہ دیں گے وہ اتنا ہی آگے آئے گی ، ملک میں 3 ماہ کیلئے دفعہ 245 کا نفاذ لمحہ فکریہ ہے ، نواز شریف نااہل ٹولے کے ساتھ کھیل رہے ہیں۔ میڈیا گفتگو جدہ میں پاکستان جرنلسٹس فورم سے گفتگو کرتے ہوئے شیخ رشید نے کہا ہے کہ اگر وزیر اعظم یا کسی نے بھی 14 اگست کو سورج غروب ہونے کے بعد پرچم کشائی کی تو اسکے خلاف قانون کے مطابق ایف آئی آر کٹواؤں گا۔

پاکستان کے قانون کے مطابق پرچم کشائی کی تقریب سورج غروب ہونے کے بعد نہیں کی جاسکتی ۔شیخ رشید نے کہا کہ نواز شریف فوج سے پولیس کا کام نہیں لے سکتے ۔

(جاری ہے)

ملک میں 3 ماہ کیلئے 245 کا نفاذ سب کیلئے لمحہ فکریہ ہے ۔ شیخ رشید نے مزید کہا کہ نواز شریف نااہلوں کے ٹولے کے ساتھ کھیل رہے ہیں ۔ قومی اور ملکی فیصلے صرف خاندان میں ہی کئے جا رہے ہیں جو ملکی استحکام کے لئے انتہائی سنگین امر ہے جن کی کوئی آئینی ، قانونی اور جمہوری حیثیت نہیں ۔

انہوں نے کہا کہ فوج صرف اسلام آباد میں ہی نہیں بلکہ پورے پاکستان میں آئے گی ۔ اگر اسلام آباد میں فوج آجائے گی تو شکر یال ، ترنول ، رواٹ اور بارہ کوہ پر دھرنے ہونگے ۔ نواز شریف فوج اور عوام کو لڑانے کی ناکام کوشش کر رہے ہیں #۔ فوج کو سیاست میں گھسیٹنا نقصان دہ ہو گا ۔ یہ بھی واضح ہے کہ فوج کسی قیمت پر عوام پر گولی نہیں چلائے گی ۔ شیخ رشید نے مزید کہا میں عمران خان اور طاہر القادری کو آج بھی اکھٹا دیکھ رہا ہوں ۔

اگر فوج اسلام آباد میں آ گئی تولاہور بھی پنجاب کا درالحکومت ہے ۔ انتخابا ت کے حوالے سے شیخ رشید کا کہنا تھا کہ موجودہ حکومت نے 4 حلقوں کو بچانے کیلئے پوری اسمبلی کو داؤ پر لگا دیا ہے ۔ انتخابی اصلاحات سے پہلے ضروری ہے کہ گزشتہ دھاندلی کا " حلالہ " کروالیا جائے ۔سابق صدر آصف علی زرداری کے دورہ امریکہ کے حوالے سے شیخ رشید کا کہنا تھا کہ زرداری کا امریکی نائب صدر سے مذاکرات سے بہت اہم سگنلز مل رہے ہیں ۔

پاکستان کی سیاست میں یہ سال بہت اہم ہو گا ۔ اگست کے بعد اہم فیصلے اور تبدیلیاں ہو نگی ۔اگرفوج" ڈی چوک " میں بھی آگئی تو حکومت کو میرا " سلام " ۔ شیخ رشید نے آپریشن ضرب عضب کے حوالے سے کہا کہ آپریشن ناگزیر تھا او ر وہ درست سمت جارہا ہے ۔ شیخ رشید عمرہ کی ادائیگی اور آخری عشرہ رمضان المبارک کی عبادت کے بعد پاکستان روانہ ہوگئے

متعلقہ عنوان :