بجلی کی پیداوار میں 13فیصد اضافے کے دعوئے کے باوجود مختلف علاقوں میں طویل لوڈ شیڈنگ، نیپرا نے این پی سی سی سے ریکارڈ طلب کرلیا

جمعہ 25 جولائی 2014 06:47

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔25جولائی۔2014ء)نیشنل الیکٹرک پاور ریگولیٹری اتھارٹی ( نیپرا) نے بجلی کی پیداوار میں 13فیصد اضافے کے دعوئے کے باوجود ملک کے مختلف علاقوں میں طویل لوڈ شیڈنگ پر این پی سی سی سے ریکارڈ طلب کرلیا ہے ۔ گزشتہ روز نیپرا نے سنٹرل پاور پرچیز ایجنسی (سی پی پی اے )کی طرف سے دائر درخواست کی سماعت کی ۔اس موقع پر ممبر نیپرا ہارون الرشید نے کہا کہ اگر واقعی بجلی کی پیداوار میں 13فیصد اضافہ ہوا ہے تو پھر طویل لوڈ شیڈنگ کیوں کی جارہی ہے اس موقع پر نیشنل ٹرانسمیشن ڈسپیچ کمپنی ( این ٹی ڈی سی ) کی طرف سے انکشاف کیا گیا کہ وزیراعظم نواز شریف کی طرف سے افتتاح کے فوراً بعد ہی نندی پور پاور پراجیکٹ بند ہوگیا تھا اگر حکومت اسے ڈیزل سے چلاتی ہے تو اس سے حاصل ہونے والی بجلی کی قیمت 42روپے فی یونٹ تک ہوسکتی ہے ۔

(جاری ہے)

این ٹی ڈی سی نے کہا کہ انہوں نے نندی پور پراجیکٹ نہ چلانے کی اپیل کی ہے لیکن حکومت چاہتی ہے کہ 95میگا واٹ کے اس منصوبے کو لایا جائے ۔ این ٹی ڈی سی کی طرف سے یہ بھی بتایا گیا کہ گزشتہ سال بجلی کی زیادہ سے زیادہ پیداوار 16176میگا واٹ رہی تھی جبکہ اس سال 15700میگا واٹ پیداوار ہوئی ہے اس پر نیپرا کی طرف سے سوال اٹھایا گیا کہ ایک طرف بجلی کی پیداوار میں 13فیصد اضافے کا دعویٰ کیا جارہا ہے اور دوسری طرف یہ صورتحال ہے اس پر نیپرا نے ریکارڈ طلب کرلیا ۔

متعلقہ عنوان :