طارق فاطمی کی امریکی حکام سے ملاقاتیں، آپریشن ضرب عضب سے متعلق امریکی عہدیداروں کو آگا ہ کیا، دو طرفہ تعلقات سمیت اہم امور پر تبادلہ خیال، فریقین کا امن،خوشحالی اورسلامتی کیلئے دوطرفہ تعلقات کو مزید فروغ دینے کی باہمی خواہش کا اظہار

جمعہ 25 جولائی 2014 06:46

واشنگٹن(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔25جولائی۔2014ء)وزیراعظم محمد نواز شریف کے امور خارجہ کے خصوصی معاون سید طارق فاطمی نے وائٹ ہاؤس میں نائب قومی سلامتی کے مشیر ٹونی بلنکن اور امورخارجہ کمیٹی کے چےئرمینای ڈی رائس سے ملاقاتیں کی ہیں اور آپریشن ضرب عضب سے متعلق امریکی عہدیداروں کو آگاہی کے علاوہ دو طرفہ تعلقات میں پیشرفت سمیت اہم امور پر تبادلہ خیال کیا۔

جاری پریس ریلیز کے مطابق امریکی قومی سلامتی کے مشیر کے ساتھ ملاقات کے دوران وزیراعظم کے معاون خصوصی طارق فاطمی کے ہمراہ پاکستانی سفیر جلیل عباس جیالانی بھی موجود تھے۔ملاقات کے دوران شمالی وزیرستان میں جاری آپریشن اور پاک امریکہ دوطرفہ تعلقات میں پیشرفت کا جائزہ لیاگیا۔اس موقع پر دونوں فریقین نے مذکورہ امور پر مثبت پیشرفت پر اطمینان کا اظہار کیا۔

(جاری ہے)

دونوں فریقین نے امن،خوشحالی اورسلامتی کیلئے دوطرفہ تعلقات کو مزید فروغ دینے کی باہمی خواہش کا اظہار کیا۔

وزیراعظم کے معاون طارق فاطمی نے امریکی قومی سلامتی کے مشیر کو آپریشن ضرب عضب بارے بریفنگ دی۔انہوں نے افغانستان اور بھارت سمیت تمام ہمسایہ ممالک کے ساتھ تعلقات میں بہتری کیلئے موجودہ حکومت کے اقدامات اور عزم بارے بھی انہیں آگاہ کیا۔

دریں اثناء امریکی امور خارجہ کمیٹی کے چےئرمین ای ڈی رائس کے ساتھ ملاقات میں بھی وزیراعظم کے معاون خصوصی نے دوطرفہ تعلقات سمیت متعدد دیگر اہم علاقائی وعالمی امور پر تبادلہ خیال کیا اورانہیں موجودہ حکومت کے اقتصادی ترقی،سیکورٹی کے فروغ اور ملک سے دہشتگردی کے خاتمے کے حوالے سے کوششوں بارے آگاہ کیا۔اس موقع پر امریکی خارجہ امور کمیٹی کے چےئرمین ای ڈی رائس نے کہا کہ پاکستان اور امریکہ خطے میں امن واستحکام کے حوالے سے مشترکہ مقاصد رکھتے ہیں۔

انہوں نے امید ظاہر کی کہ آپریشن ضرب عضب کے حوالے سے پاکستان کو بڑی کامیابیاں حاصل ہونگی۔اس موقع پر موجود امریکی امورخارجہ کمیٹی کے رکن ریپبلکن اینجل نے افغانستان اوربھارت کے ساتھ تعلقات کی بہتری کے لئے موجودہ پاکستانی حکومت کے اقدامات کو سراہا۔وزیراعظم کے معاون خصوصی ریپبلکن نینا بوئے سمیت خارجہ امور کمیٹی کے دیگر اراکین سے بھی ملاقات کی اور باہمی دلچسپی کے امورپر تبادلہ خیال کیا۔

متعلقہ عنوان :