نندی پور منصوبے پر بیانات جھوٹ کا پلندہ ہیں، رانا مشہود ،رمضان مبارک میں جھوٹ بولنے والوں کو خداکا خوف کرنا چاہیے، پراجیکٹ سے پیداوار جاری ہے اور95میگاواٹ بجلی نیشنل گرڈ میں جارہی ہے، عمران خان نندی پورپراجیکٹ پر مسلسل دروغ گوئی سے کام لے رہے ہیں،پی ٹی آئی کے الزامات میں ذرہ بھر حقیقت نہیں کہ نندی پور پاور پلانٹ کو ڈیزل سے چلانے کی وجہ سے کوئی خرابی پیدا ہوئی ہے،نندی پورکے کمبائن سائیکل پاورپلانٹ میں ڈیزل، فرنس آئل اور گیس تینوں طرح کے ایندھن سے چلنے کی صلاحیت ہے،عمران خان میں اخلاقی جرات ہے تو پلانٹ کے بارے میں اپنے اور اپنی پارٹی کے جھوٹے بیانات کو واپس لینے کا اعلان کریں،، وزیر مملکت عابد شیر علی اور صوبائی وزیر قانون کی نندی پور میں میڈیا سے گفتگو

جمعرات 24 جولائی 2014 08:42

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔24جولائی۔2014ء)وفاقی وزیر مملکت عابد شیر علی نے کہا ہے کہ نندی پور کے خلاف دیئے جانے والے بیانات جھوٹ کا پلندہ ہیں اور اس بارے میں رمضان المبارک کے دوران جھوٹ بولنے والوں کو خدا کا خوف کرنا چاہیے-آج یہاں نندی پور میں میڈیا کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ حکومت کے اعلان کے مطابق اس وقت بھی 95میگاواٹ بجلی نیشنل گرڈ میں جارہی ہے جسے ملک کے نمائندہ صحافیوں نے اپنی آنکھوں سے دیکھا ہے-انہوں نے کہا کہ عمران خان نے پی ٹی آئی کے جلسہ عام میں اعلان کیا تھا کہ وہ عوام سے جھوٹ نہیں بولیں گے لیکن وہ اور ان کی پارٹی نندی پور پراجیکٹ پر مسلسل دروغ گوئی سے کام لے رہی ہے-انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی کے سیاستدانوں کے اس الزام میں بھی ذرہ بھر حقیقت نہیں ہے کہ نندی پور پاور پلانٹ کو ڈیزل سے چلانے کی وجہ سے اس میں کوئی خرابی پیدا ہوئی ہے جبکہ حقیقت یہ ہے کہ نندی پور پاور پلانٹ کمبائن سائیکل پاور پلانٹ ہے جس میں ڈیزل، فرنس آئل اور گیس تینوں طرح کے ایندھن سے چلنے کی صلاحیت موجود ہوتی ہے اس لئے ڈیزل سے چلانے کی وجہ سے اس میں خرابی پیدا ہونے کا سوال ہی پیدا نہیں ہوتا-

انہوں نے کہا کہ میں عمران خان کو پلانٹ کے دورے کی دعوت دیتا ہوں وہ آئیں اس پلانٹ کو چلتا ہوا دیکھیں اور اگر ان میں اخلاقی جرات ہے تو پلانٹ کے بارے میں اپنے اور اپنی پارٹی کے لیڈروں کے جھوٹ پر مبنی بیانات کو واپس لینے کا اعلان کریں،وزیر مملکت نے کہا کہ نندی پور کے بارے میں کی جانے والی غلط بیانیوں کا اندازہ اس حقیقت سے لگایا جاسکتا ہے کہ شیخ رشید نے کہا کہ نندی پور پاور پراجیکٹ کی وجہ سے گوجرانوالہ میں گیس کی کمی ہوگئی ہے حالانکہ حقیقت یہ ہے کہ اس پلانٹ کو گیس کی سپلائی کے لئے ابھی تک پائپ لائن ہی نہیں بچھائی گئی-عابد شیر علی نے کہا کہ پلانٹ کے بارے میں باقی بیانات کی اصلیت بھی اس سے زیادہ نہیں ہے-انہوں نے کہا کہ نندی پور پاور پلانٹ چار ٹربائن پر مشتمل ہے جس کے پہلے ٹربائن سے 95میگاواٹ بجلی پیدا کی جارہی ہے باقی تین ٹربائن کی تعمیر کی وجہ سے بعض اوقات اسے ٹیکنیکل وجوہات کی بناء پر شٹ ڈاؤن کرنا پڑتا ہے -انہوں نے کہا کہ شیخ رشیددس برس سے زائد ایک ڈکٹیٹر کی ایسی حکومت کا حصہ رہے جس نے اس تمام عرصے کے دوران نیشنل گرڈ میں ایک میگاواٹ کا اضافہ بھی نہ کیا-انہوں نے کہا کہ یہ صرف پاکستان ہی میں ممکن ہے کہ شیخ رشید جیسے سیاستدان اپنی نااہلیوں پر شرمندہ ہونے کی بجائے پوری ڈھٹائی کے ساتھ اپنے سیاسی مخالفین کے فلاحی منصوبوں کو تنقید کا نشانہ بناتے ہیں-

وزیر مملکت نے کہا کہ موجودہ حکومت صرف بجلی پیداوار میں اضافے کے لئے ہی نہیں بلکہ ٹرانسمیشن سسٹم کو بہتر بنانے کے لئے بھی شب و روزکوشاں ہے-ٹرانسمیشن میں بہتری کے بعد 2500میگاواٹ تک بجلی کی بچت ہوسکے گی-انہوں نے بتایا کہ ماضی میں ٹرانسفارمروں کی خریداری میں 6سے7ارب کی کرپشن ہوئی جس کے خلاف کیس نیب کو بھجوایا جائے گا،صوبائی وزیر قانون رانا مشہود احمد خان نے کہا ہے کہ وزیر اعلی پنجاب محمد شہباز شریف کی زیر قیادت صوبائی حکومت نندی پور پاور پراجیکٹ سمیت تمام منصوبہ جات کے حوالے سے وفاقی حکومت سے مکمل تعاون کررہی ہے ، نندی پور پاور پراجیکٹ میں خادم پنجاب کی بھر پور دلچسپی اسکا ثبوت ہے۔

(جاری ہے)

صوبائی وزیر قانون نے کہا وزیر مملکت کے ساتھ انکی آمد کا مقصد وفاق اور صوبے میں تعاون کو مزید بہتر بنانا ہے۔ انہوں نے کہا کہ دسمبر تک دیگر پلانٹس کی تکمیل ہو جائے گی۔