وزیراعظم کے خصوصی معاون طارق فاطمی کی امریکی نائب وزیر خارجہ برنز سے ملاقات، پاکستان امریکہ تعلقات پر تبادلہ خیال، فاطمی نے شمالی وزیرستان میں جاری آپریشن ، دہشتگردی اور انتہا پسندی کے خاتمے کے لئے حکومتی عزم کے بارے میں اگاہ کیا

جمعرات 24 جولائی 2014 08:38

واشنگٹن (اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔24جولائی۔2014ء )خارجہ امور کے بارے میں وزیراعظم کے خصوصی معاون طارق فاطمی نے نائب امریکی وزیرخارجہ بِل برنز سے واشنگٹن میں ملاقات کی اور پاکستان امریکہ تعلقات پر تبادلہ خیال کیا۔طارق فاطمی نے نائب امریکی وزیر خارجہ کو شمالی وزیرستان میں جاری آپریشن ، دہشتگردی اور انتہا پسندی کے خاتمے کے لئے حکومتی عزم کے بارے میں بتایا۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان نے دہشت گردوں کے خاتمے کا عزم کر رکھا ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے افغانستان اور بھارت سمیت تمام پڑوسی ملکوں کے ساتھ خوشگوار تعلقات برقرار رکھنے کے پاکستان کے عزم کا بھی اعادہ کیا۔نائب وزیر خارجہ بل برنز نے خطے میں پاکستان کے مستحکم کردار کو سراہا۔انہوں نے وزیراعظم کے بالخصوص توانائی اور دہشت گردی کے خلاف جنگ کے خصوصی حوالے سے اقتصادی ترقی کے منصوبے کے لئے امریکی حمایت کا اعادہ کیا۔انہوں نے بھارت کے ساتھ وزیر اعظم کے امن اقدامات کو سراہا اور امید ظاہر کی کہ اس سے دونوں ملکوں کے عوام کے لئے خوشحالی لانے میں مدد ملے گی