شیو سینا کی پاکستان سے مذاکرات کی مخالفت، ساڑھی اورشال کی ڈپلومیسی نہیں چلنے دینگے ، حکومت کنٹرول لائن پر اپنے جوان کی ہلاکت کا بھرپور جواب دے،شیو سینا کے رکن پارلیمنٹ سنجے رات کی صحافیوں سے گفتگو

بدھ 23 جولائی 2014 07:19

نئی دہلی(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔23جولائی۔2014ء)نریندر مودی حکومت کی حلیف بھارتی ہندو انتہا پسند تنظیم شیو سینا نے پاکستان سے مذاکرات کی مخالفت کرتے ہوئے کہا ہے کہ ساڑھی اورشال کی ڈپلومیسی نہیں چلنے دینگے ، حکومت کنٹرول لائن پر اپنے جوان کی ہلاکت کا بھرپور جواب دے ۔

(جاری ہے)

نئی دہلی میں شیو سینا کے رکن پارلیمنٹ سنجے رات نے صحافیوں سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ یہ ساڑھی اور شال ڈپلومیسی کیا ہوتی ہے پاکستان سے مذاکرات نہیں ہونے چاہیے ہم کب تک لاشیں اٹھاتے رہیں گے اگر وہ ہمارا ایک فوجی مارتے ہیں تو ہمیں دس مارنے چاہیں یہی پاکستان کو جواب ہوگا ۔

واضح رہے کہ پاکستانی وزیراعظم نواز شریف نے بھارتی ہم منصب نریندر مودی کی والدہ کو ساڑھی کا تحفہ بھیجا تھا اورانہوں نے ایک شال بھیجی تھی ۔سنجے رات نے کہا کہ ہم یہ معاملہ پارلیمنٹ میں اٹھائینگے اور ہم حکومت میں ہیں اس لئے حکومت سے بھی بات چیت کرینگے مگر انہوں نے اس کی تفصیل نہیں بتائی ۔