فیصل آباد،لیگی ممبر صوبائی اسمبلی رانا شعیب ادریس سے استعفیٰ لینے کیلئے چارج شیٹ تیار ،گرفتاری کیلئے مختلف مقامات پر چھاپے مارے گئے

بدھ 23 جولائی 2014 07:18

فیصل آباد(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔23جولائی۔2014ء)مسلم لیگ(ن) کے ممبر صوبائی اسمبلی رانا شعیب ادریس جنہوں نے گزشتہ روز تھانے پر حملہ کرکے پولیس افسران کو تشدد کا نشانہ بنا کر پولیس سٹیشن سے اشتہاری ملزمان کو اپنے ہمراہ لے گئے تھے،پارٹی قیادت نے ان کا استعفیٰ لینے کیلئے چارج شیٹ تیار کرلی ہے جبکہ ان کی گرفتاری کیلئے گزشتہ روز مختلف مقامات پر چھاپے مارے گئے،وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف کو مختلف حساس اداروں نے جو رپورٹس بھجوائی ہیں اس میں کہا گیا ہے کہ رانا شعیب ادریس بھتہ خور،لینڈ مافیا اور منشیات فروشوں کی سرپرستی کرنے کے علاوہ قتل اور اقدام قتل کے مقدمات میں بھی ملوث ہے جبکہ اپنے حلقہ میں مختلف ٹیکسٹائل اور دیگر فیکٹریوں کے مالکان سے بھتہ وصول کرتا ہے اور اپنے حلقہ میں ویگن سٹیشن کے مالکان سے بھی فی ویگن کے حساب سے رقم وصول کرتا رہا ہے جبکہ اپنے حلقہ کے ووٹروں کی حمایت حاصل کرنے کیلئے ہر جائز وناجائز طریقہ استعمال کرتا ہے۔

(جاری ہے)

خبر رساں ادارے کے مطابق ملزم رانا شعیب ادریس کو سابق صوبائی وزیر قانون رانا ثناء اللہ اور اس کے گروپ سے تعلق رکھنے والے ممبران قومی وصوبائی اسمبلی کی مکمل حمایت حاصل ہے۔

الیکشن 2013ء میں فیصل آباد سے مسلم لیگ(ن) کی مرکزی کمیٹی کے رکن چوہدری شیرعلی سابق ایم این اے اور وفاقی وزیر مملکت پانی وبجلی عابد شیرعلی نے رانا شعیب ادریس کو صوبائی اسمبلی کا پارٹی ٹکٹ دینے کی سخت مخالفت کی تھی جبکہ سابق سنیٹر فاروق احمد خان جو کہ ٹکٹ دینے والی کمیٹی فیصل ڈویژن کے سربراہ تھے انہوں نے سابق صوبائی وزیر قانون رانا ثناء اللہ نے چوہدری شیر علی کی مخالفت کے باوجود رانا شعیب ادریس کو ٹکٹ دلایا،رانا شعیب کے بارے میں مزید معلوم ہوا ہے کہ اس نے سابق ممبر صوبائی اسمبلی خواجہ محمد اسلام جنہیں جعلی اسناد رکھنے کے جرم میں نااہل قرار دیا جاچکا ہے اور ان کی نااہلی کا کیس ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج کی عدالت میں زیر سماعت ہے کے ساتھ ملکر فیصل آباد میں ہاؤسنگ کالونی قائم کی،

بعد ازاں رانا شعیب ادریس نے ڈرا دھمکا کر خواجہ اسلام سابق ایم پی اے کو ہاؤسنگ کالونی سے علیحدہ کردیا اور اس کی رقم بھی خورد برد کرلی،آج فیصل آباد پولیس نے میڈیا کے شور پر مختلف مقامات پر رانا شعیب ادریس کی گرفتاری کیلئے چھاپے مارے تاکہ یہ ظاہر کیا جاسکے کہ پولیس اس کی گرفتاری کیلئے کوشاں ہے جبکہ رانا شعیب ادریس نے گزشتہ رات فیصل آباد شہر سے منتخب ہونے والے ایم پی اے مسلم لیگ(ن) کے سٹی صدر شیخ اعجاز احمد کے گھر میں پناہ لی اور اس دوران اس کی سابق وزیر قانون رانا ثناء اللہ سے ملاقات کے علاوہ سی پی او فیصل آباد ڈاکٹر حیدر اشرف سے بھی ملاقات کرائی گئی،آخر کار یہ فیصلہ ہوا کہ رانا شعیب ادریس پولیس کو اپنی گرفتاری دے دے تاکہ انہیں مقدمات سے بری کرایا جاسکے۔