وزیراعظم نے ٹرانسمیشن لائنز اور گرڈز کی تعمیر اور سسٹم کی بہتری کے احکامات دیدیئے،منتخب حکومت کو عوام کی تکالیف کا احساس ہے، عابد شیر علی ،بجلی کی طلب و رسد میں فرق کو کم کرنے کیلئے ہنگامی بنیادوں پر کام ہو رہا ہے جس کے ثمرات جلد عوام کو ملیں گے، جائزہ اجلاس سے خطاب

بدھ 23 جولائی 2014 07:11

فیصل آباد (اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔23جولائی۔2014ء)وزیر مملکت برائے پانی و بجلی عابد شیر علی نے کہا ہے کہ وزیراعظم محمد نواز شریف نے ٹرانسمیشن لائنوں اور گرڈز کی تعمیر اور سسٹم کی بہتری کے احکامات دیئے ہیں تاکہ عوام کو ریلیف ملے اور انھیں کم سے کم لوڈ شیڈنگ کا سامنا کرنا پڑے،منتخب حکومت کو عوام کی تکالیف کا احساس ہے ۔ بجلی کی طلب و رسد میں فرق کو کم کرنے کیلئے ہنگامی بنیادوں پر کام ہو رہا ہے جس کے ثمرات جلد عوام کو ملیں گے, وہ فیسکو ہیڈکوارٹرز میں ایک جائزہ اجلاس سے خطاب کر رہے تھے۔

وزیر مملکت نے مزید کہا کہ عوامی مفاد کے منصوبوں بالخصوص گرڈسٹیشنز اور ٹرانسمیشن لائنوں کی تعمیر اور اپ گریڈیشن کو ترجیحی بنیادوں پر مکمل کیا جائے ۔ جاری منصوبوں پر کام کی رفتار کو تیز کیا جائے اور تقسیمی نظام کی کوتاہیوں اور کمزوریوں کو فی الفور دور کیا جائے ۔

(جاری ہے)

انھوں نے فیسکو انتظامیہ کو ہدایت کی کہ وہ صدق دل سے محکمہ اور سسٹم کی بہتری کیلئے ہرممکن اقدامات کریں۔

بدانتظامی اور کرپشن کو ہرگز برداشت نہیں کیا جائے گا۔ سالہاسال سے ایک ہی جگہ تعینات افسران اور ملازمین کو ٹرانسفر کیا جائے ۔

انھوں نے رمضان کے آخر ی عشرہ اور عیدالفطر کیلئے بہتر لوڈمینجمنٹ پلان پر عمل درآمد کے احکامات بھی دیئے۔ انھوں نے چیف ایگزیکٹو فیسکو خورشید عالم کی کاوشوں کو زبردست الفاظ میں خراج تحسین پیش کیا کہ انھوں نے محکمہ کی بہتری کیلئے شاندار خدمات سرانجام دیں ہیں اور ان اقدامات سے کمپنی کے وقار میں اضافہ ہوا ہے ۔

چئیرمین فیسکو بورڈ آف ڈائریکٹرز خرم مختار نے اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے کہا کہ فیسکو بورڈ مربوط پالیسی سازی کے ذریعے کمپنی کی کارکردگی میں بہتری لانے کیلئے کوشاں ہے اور کسٹمر سروسز پر بھرپور توجہ دی جا رہی ہے ۔ کمپنی میں میٹروں اور ٹرانسفارمروں کی کمی دور کرنے کیلئے بھرپور اقدامات کئے گئے ہیں۔ چیف ایگزیکٹو فیسکو خورشید عالم نے بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ فیسکو نے پچھلے مالی سال میں 701ایل ٹی پرپوزلز مکمل کیں جن پر 391ملین روپے بجٹ خرچ ہوا۔

امسال 699ایل ٹی پرپوزلز کے مکمل ہونے سے سسٹم میں بہتری آئی ہے اور صارفین کو ریلیف ملا ہے۔ فیسکو ریجن میں آٹھ گرڈز اور6ٹرانسمشین لائنو ں پر کام جاری ہے ۔ رمضان کے آخری عشرہ اور عیدالفطر کیلئے لوڈمینجمنٹ پلان تیار کر لیا گیا ہے ۔ فیسکو ٹیم کا مورال بلند ہے اور فیسکو نے اپنی تاریخ میں پہلی مرتبہ 100فیصد سے زائد ریکوری کی ہے اس موقع پر ایم پی اے طاہر جمیل ، بورڈ ڈائریکٹرز سید ضیاء علمدار بخاری ، احسان افضل نے بھی خطاب کیا۔