تحریک انصاف نے مجلس وحدت مسلمین کو لانگ مارچ میں شرکت کی دعوت دے دی ، حکومت مخالف ہر سیاسی جماعت سے رابطے کریں گے،شاہ محمود قریشی،مجلس وحدت مسلمین کا لانگ مارچ کا خیر مقدم ، حمایت کا بھی اعلان کر دیا

بدھ 23 جولائی 2014 07:11

اسلا م آباد(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔23جولائی۔2014ء)تحریک انصاف نے مجلس وحدت مسلمین کو لانگ مارچ میں شرکت کی دعوت دے دی ، مجلس وحدت مسلمین کا لانگ مارچ کا خیر مقدم ، حمایت کا بھی اعلان کر دیا۔ شاہ محمود قریشی نے کہا کہ حکومت مخالف ہر سیاسی جماعت سے رابطے کریں گے۔نجی ٹی وی کے مطابق تحریک انصاف کے وائس چیئرمین شاہ محمود قریشی نے مجلس وحدت مسلمین کے مرکزی دفتر میں مجلس کے سیکریٹری جنرل راجہ ناصر عباس سے ملاقات کی اور انہیں 14 اگست کے لانگ مارچ میں شرکت کی دعوت دی۔

ملاقات کے بعد مشترکہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ تحریک انصاف اور مجلس وحدت مسلمین کے نظریات میں ہم آہنگی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ عمران خان نے ہر اس جماعت کو لانگ مارچ میں شرکت کی دعوت دی ہے جو انتخابی دھاندلی کی مخالف اور انتخابی اصلاحات کی حامی ہیں۔

(جاری ہے)

شاہ محمود قریشی نے لانگ مارچ کے حوالے سے خورشید شاہ سے رابطے کی تردید کی اور کہا لانگ مارچ سے متعلق خورشید شاہ کو کوئی یقین دھانی نہیں کرائی ، اس حوالے سے فیصلوں کا اخیتار صرف کور کمیٹی کو حاصل ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ طاہر القادری سمیت کسی سے خفیہ روابط نہیں ہیں ،اس موقع پر مجلس وحدت مسلمین کے سیکریٹری جنرل راجہ ناصر عباس نے لانگ مارچ کا خیر مقدم کیا اور کہا کہ لانگ مارچ کی بھرپور حمایت کرتے ہیں ، ان کا کہنا تھا کہ اگست کا مہینہ حکومت کے لیے خطرناک ہے، ساری اپوزیشن جماعتیں حکومت کے خلاف اکٹھی ہوں گی۔ انہوں نے کہا کہ مجلس وحدت مسلمین ، مسلم لیگ ق ، سنی اتحاد کونسل اور عوامی تحریک بھی حکومت مخالف تحریک چلائے گی اور چاروں جماعتوں کے کارکن حکومت کے خلاف پورے ملک سے نکلیں گے۔ ناصر عباس کا کہنا تھا کہ حکومت ناکام ہو چکی ہے اور بوکھلاہٹ میں مجلس کے کارکنوں کو انتقام کا نشانہ بنایا جا رہا ہے۔