عالمی دباؤ بے اثر ، غزہ پر اسرائیلی جارحیت جاری، تازہ بمباری میں مزید 50 فلسطینی شہید، مجموعی شہادتوں کی تعداد 600سے تجاوز ، اسرائیلی فوج کی 5 مساجد اور 1 سٹیڈیم پر بمباری ، 70 سے زائد اہداف کو نشانہ بنایا گیا ہے، غزہ پولیس، اسرائیل اپنی کاروائیاں محدود کرے، دونوں فریقین لڑائی روک کر با ت چیت کو آگے بڑھائیں، بان کی مون

بدھ 23 جولائی 2014 07:03

غزہ (اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔23جولائی۔2014ء)اسرائیلی فوج نے عالمی دباؤ کے باوجود غزہ پر اپنی تازہ بمباری میں پانچ مساجد، ایک سٹیدیم اور مرحوم فوجی سربراہ کے گھر کو نشانہ بنایا ہے،تنازعہ کے چودھویں روز مزید 50 کے قریب فلسطینیوں کو خون میں نہلا دیاگیاہے ،جبکہ مجموعی شہادتوں کی تعداد چھ سو سے تجاوز کر گئی ہے ۔ میڈیا رپورٹ کے مطابق غزہ پولیس نے تصدیق کر تے ہوئے کہا ہے کہ اسرائیلی طیاروں نے 70 سے زائد اہداف کو بمباری سے نشانہ بنایا ہے۔

پولیس ترجمان ایمن باتنیجی نے بتایا کہ اسرئیلی ٹینکوں نے بھی گولہ باری کر کے مشرقی سرحد سے متصل متعدد گھروں کو ٹارگیٹ کیا ہے۔سمندر سے کیے گئے اسرائیلی بحریہ کے حملوں کے دوران ماہی گیروں کی 19 کشتیاں بھی بموں کی زد میں آ کر خاکستر ہو گئیں۔

(جاری ہے)

میڈیا رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ اسرائیلی بمباری سے مزید 50فلسطینی شہید ہو چکے ہیں۔ دوسری جانب اقوام متحدہ کے سیکرٹری بان کی مون نے اسرائیل سے بھی کارروایاں محدود کرنے کا مطالبہ کیا۔

بان کی مون نے اسرائیل اور فلسطین دونوں سے کہا ہے کہ وہ غزہ کے تنازعے کے خاتمے کے لیے لڑائی روک کر بات چیت شروع کریں۔انھوں نے مزید کہا کہ ’فوجی کارروائی اسرائیل کی سلامتی کا دور رس حل نہیں ہے۔انھوں نے فلسطینیوں سے بھی ’عدم تشدد، اسرائیل کو تسلیم کرنے اور سابقہ معاہدوں کے احترام‘ کا مطالبہ کیا۔بان کی مون کے بیان کا جواب دیتے ہوئے نتن یاہو نے کہا ’ہم حماس کی کون سے شکایت دور کر سکتے ہیں ان کی شکایت تو ہماری موجودگی ہے۔

‘ غزہ کی وزراتِ صحت کے مطابق اب تک 3640 افراد زخمی ہو چکے ہیں اس سے قبل امریکی سیکرٹری خارجہ جان کیری نے کہا ہے کہ مصر کی جانب سے تجویز کردہ ایک منصوبے سے جنگ بندی کی بنیاد رکھی جا سکتی ہے۔مصر میں بات کرتے ہوئے جان کیری نے کہا کہ امریکہ کو فلسطینی ہلاکتوں پر تشویش ہے لیکن انھوں نے اسرائیل کی فوجی کارروائی کو جائز قرار دیتے ہوئے اس کی حمایت کی۔انھوں نے یہ بھی کہا کہ امریکہ غزہ کے لیے چار کروڑ ستر لاکھ ڈالر کی امداد بھیجے گا تاکہ انسانی بحران کی صورتحال کو بہتر بنایا جا سکے۔ممکن ہے کہ جان کیری بدھ تک قاہرہ میں ہی رکیں گے تاکہ مصری حکام اور عرب لیگ کے سربراہ نبیل العربی سے بات چیت کریں گے۔