”اپنے اثاثوں کے گوشوارے جمع کرائیں“الیکشن کمیشن کا تمام سیاسی جماعتوں کو یاددہانی کا خط،ایک سیاسی جماعت بروہی پارٹی نے اپنے اثاثوں کے گوشوارے جمع کرادیئے

منگل 22 جولائی 2014 07:26

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔22جولائی۔2014ء)الیکشن کمیشن آف پاکستان نے سیاسی جماعتوں کو اثاثوں کی تفصیلات جمع کرانے کے لیے یاد دہانی کا خط لکھ دیا ہے جبکہ 282سیاسی جماعتوں میں سے ایک سیاسی جماعت بروہی پارٹی نے اپنے اثاثوں کے گوشوارے جمع کرادیئے ہیں ، اثاثے جمع کرانے کی آخری تاریخ 29اگست ہے۔

(جاری ہے)

پیر کو الیکشن کمیشن آف پاکستان کی جانب سے جاری ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ وہ سیاسی جماعتیں جنہوں نے اثاثے جمع نہیں کرائے انہیں اس حوالے سے یاد دہانی خط لکھا ہے کہ مقررہ تاریخ تک اثاثے جمع کرادیں ورنہ انتخابات میں انتخابی نشانات الاٹ نہیں کیے جائیں گے اور تمام سیاسی جماعتیں 29اگست تک اپنے اثاثے جمع کرا دیں۔

الیکشن کمیشن میں 282سیاسی جماعتوں میں سے صرف بروہی پارٹی نے اپنے اثاثے ظاہر کیے ہیں اور ان کے گوشوارے جمع کرادیئے ہیں۔ الیکشن کمیشن آف پاکستان نے آئین کے آرٹیکل 13اور پولیٹیکل ایکٹ 2002کے تحت خط لکھا ہے کہ سیاسی جماعتوں کے سالانہ اخرجات اور آمدنی اور آمدنی کے ذرائع کی تفصیلات جمع کر ائے جائیں الیکشن کمیشن نے کہا ہے کہ تمام سیاسی جماعتیں اپنے صوبوں میں اثاثے جمع کرا سکتی ہیں، اس حوالے الیکشن کمیشن نے چاروں صوبائی الیکشن کمیشن کو ضروری ہدایات جاری کر دی گئی ہیں۔