بھارت سزا پوری کرنیوالے قیدیوں کی رہائی یقینی بنائے، پاکستان ،پاکستان قیدیوں کے معاملے کو انسانی حقوق کے تناظر میں دیکھتا ہے، ترجمان دفتر خارجہ

منگل 22 جولائی 2014 07:25

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔22جولائی۔2014ء ) پاکستان نے بھارت سے کہا ہے کہ وہ اپنی جیلوں میں سزا پوری کرنے والے پاکستانی قیدیوں کی رہائی کو یقینی بنائے۔ میڈیا رپورٹ کے مطابق ترجمان دفتر خارجہ کی جانب سے جار ی بیان میں کہا کہ بھارت دوہزار آٹھ کے قونصلر معاہدے اور قیدیوں کے حوالے سے عدالتی کمیٹی کی سفارشات پر عمل کرے۔اْنہوں نے کہا کہ پاکستان قیدیوں کے معاملے کو انسانی حقوق کے تناظر میں دیکھتا ہے اور سزا پوری ہوتے ہی قیدیوں کی جلد سے جلد رہائی کیلئے کوششیں جاری رکھے ہوئے ہے۔

ترجمان نے کہا کہ مئی میں خیر سگالی پیغام کے طور پر ایک سو پچاس بھارتی ماہی گیروں کی رہائی کے بعد پاکستان نے ستاون ماہی گیر کشتیوں کو چھوڑنے کا فیصلہ کیاہے جو اس کے قبضے میں ہیں۔

(جاری ہے)

اس حوالے سے کشتیوں کا جائزہ لینے اور پاکستان میری ٹائم سیکیورٹی ایجنسی کے حکام سے رہائی کے طریقہ کار پر بات چیت کیلئے بھارت کا ایک نو رکنی وفد نے کراچی کا دورہ مکمل کرلیاہے۔

بھارتی ماہی گیر اور کشتیوں کو پاکستانی کی سمندری حدود کی خلاف ورزی کرنے پر بحری حدود کے تحفظ کے ادارہ کے حکام اکثر حراست میں لے لیتے ہیں۔ عام طور پر کشتیاں سمندری سفر کے قابل نہیں ہوتیں اور انہیں واپس نہیں کیاجاتا۔ تاہم وزیراعظم کی ہدایات پر کشتیوں کی اپنے حقیقی مالکان کو واپسی یقینی بنائے کیلئے کوششوں کو آغاز کیاگیا۔