حج کوٹہ کیس میں وفاقی حکومت کی اپیل منظور ،سپریم کورٹ نے لاہور ہائی کورٹ کا فیصلہ کالعدم قرار دے دیا

منگل 22 جولائی 2014 07:23

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔22جولائی۔2014ء)سپریم کورٹ نے حج کوٹہ کیس میں وفاقی حکومت کی اپیل منظور کرتے ہوئے لاہور ہائی کورٹ کا فیصلہ کالعدم قرار دے دیا ہے۔اور نئی حج پالیسی 2014 بحال کر دی ہے ۔چیف جسٹس ناصر الملک کی سربراہی میں جسٹس دوست محمد پر مشتمل دو رکنی بنچ نے پیر کے روز وفاقی حکومت اور جج آرگنائزرز ایسوسی ایشن آف پاکستان کی اپیلوں کی سماعت کی ۔

اس دوران وفاق کے وکیل ایڈیشنل اٹارنی جنرل عتیق شاہ نے عدالت کو بتایا کہ لاہورہائیکورٹ کے فیصلہ سے حج پالیسی 2014ء پر عملدرآمد رک گیا ہے جس کی وجہ سے حج آپریشن میں تاخیر ہو سکتی ہے۔ علاوہ ازیں یہ کوٹہ اور جو بھی فیصلہ ہوا تھا تمام متعلقہ فریقوں سے مشاورت کے بعد کیا گیا تھا۔اس دوران ٹورآپریٹرز کے وکیل نے عدالت کو بتایا کہ حج کوٹہ بدنیتی پر مبنی ہے اس لئے ہائیکورٹ کا فیصلہ برقرار رکھا جائے۔

(جاری ہے)

اس پر چیف جسٹس نے کہا کہ آپ اس معاملہ کو بدنیتی نہیں کہہ سکتے ہم ہائیکورٹ کے فیصلہ کا جائزہ لیں گے اور 15ہزار کے کوٹہ کے بارے میں فیصلہ کریں گے۔

صدر سپریم کورٹ بار کامران مرتضی نے ٹور آپریٹرز کی طرف سے درخواست دائر کرتے ہوئے لاہور ہائی کورٹ کے آرڈر کو چیلنج کیا جس کے تحت حج پالیسی2014 کو15 ہزار عازمین کے کوٹے کے تقرر کو غیر آئینی قرار دیا گیا تھا۔

9 اکتوبر2013 کو بھی عدالت نے ایک تنازع کے بعد بروقت حج پالیسی تیار کرنے کی ضرورت پر زور دیا تھا جس میں تمام حلقوں کو اعتماد میں لیا جائے اور عدالت نے2014کے لئے حج پالیسی جلد جاری کرنے کا حکم دیا تھا۔ایڈیشنل اٹارنی جنرل نے عدالت کو بتایا کہ 2013 ء میں وزارت مذہبی امور نے ایک لاکھ71 ہزار210 عازمین کا کوٹہ مقرر کیا جس میں سے 50 فیصد نجی سکیم کے تحت مقرر کیا گیا تھا جون2013 میں سعودی عرب کی حکومت نے کوٹے میں20 فیصد کمی کر دی جس سے یہ کوٹہ ایک لاکھ 43 ہزار 368 رہ گیا۔

یاد رہے کہ وزارت مذہبی امور نے بھی پرائیویٹ حج کوٹے میں کمی کر دی جس پر انہوں نے شور مچایا اور وزیر اعظم نے مذاکرات کے لئے اعلی اختیاراتی وزارتی کمیٹی قائم کردی جس میں فیصلہ کیا گیا کہ15 ہزار عازمین کا اضافی کوٹہ پرائیویٹ حج سکیم کے لئے دیا جائیگا۔اس حوالے سے حکومت اور آپریٹرز ایسوسی ایشن سمجھوتہ ہوا بعد ازاں حکومت نے2014 کے لئے حج پالیسی میں بھی 15 ہزار عازمین کا کوٹہ پرائیویٹ سکیم میں رکھا لیکن لاہور ہائی کورٹ نے15 جولائی کو اس فیصلے کو کالعدم قرار دے دیا ۔عدالت نے فیصلے کے مطابق پہلے یہ کوئٹہ حکومت استعمال کرے گی لیکن اگر وہ کسی وجہ سے ایسا نہیں کرتی تو پھر تمام رجسٹرار ٹورآپریٹرز کو یہ کوٹہ دیا جائے گا ۔سپریم کورٹ نے اس فیصلے کو کالعدم قرار دے دیا۔

متعلقہ عنوان :