یہ وقت جھوٹے انقلاب کا نہیں آئی ڈی پیز کی مدد کا ہے، حمزہ شہباز،ہمارا لانگ مارچ ترقی کا لانگ مارچ ہوگا، منصوبے مکمل ہونے کے بعد بجلی وافر اور سستی ہوگی، روالپنڈی کے ٹی ٹوئنٹی میچ سے دو کروڑ آمدن ہوئی جو آئی ڈی پیز کو دی جائیگی،شمالی وزیرستان میں فوجی آپریشن دو سے تین ماہ جاری رہے گا، آئی ڈی پیز کی واپسی میں چھ ماہ لگیں گے، متاثرین اپنے آپ کو تنہا نہ سمجھیں ، رانا مشہود احمد ، سپورٹس بورڈ پنجاب متاثرین شمالی وزیرستان کی مدد کیلئے کوئی کسر نہیں چھوڑے گا،ہر قدم پر ان کے ساتھ ہیں، ڈی جی سپورٹس پنجاب عثمان انور کا ٹی 20میچ کے موقع پرمیڈیا سے گفتگو

اتوار 20 جولائی 2014 08:41

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔20جولائی۔2014ء)مسلم لیگ ن کے رہنما اور رکن قومی اسمبلی میاں حمزہ شہباز نے کہا ہے کہ یہ وقت جھوٹے انقلاب کا نہیں بلکہ یہ وقت شمالی وزیرستان کے متاثرین کی مدد کرنے کا ہے،ہمارا لانگ مارچ ترقی کا لانگ مارچ ہوگا، ملک میں دہشت گردی کا خاتمہ کرکے دم لیں گے، ایک وقت ایسا آئے گا کہ بجلی وافر اور سستی ہوگی، راولپنڈی کے ٹی ٹوئنٹی میچ سے دو کروڑ روپے کی آمدن ہوئی ہے جو آئی ڈی پیز کو دی جائیگی، ان خیالات کا اظہار حمزہ شہباز شریف نے سپورٹس بورڈ پنجاب کے زیراہتمام آئی ڈی پیزکی فنڈ ریزنگ مہم کے سلسلے میں راولپنڈی کرکٹ سٹیڈیم میں ٹی 20میچ میں شائقین سے خطاب کرتے ہوئے کیا، حمزہ شہباز میچ کے مہمان خصوصی تھے، انکے ساتھ صوبائی وزیر قانون، تعلیم اور کھیل رانا مشہود احمد اور ڈائریکٹر جنرل سپورٹس پنجاب عثمان انور بھی موجود تھے،

حمزہ شہباز نے کہا کہ مسلم لیگ ن کا ایجنڈا حکومت نہیں خدمت ہے ہم دن رات عوام کی خدمت کیلئے کوشاں ہیں ملکی معیشت جو سابق حکومت کے دور میں تباہی کے دہانے پہنچ گئی تھی اسے سنبھالا ہے جس سے ملک میں بیرونی سرمایہ کاری ہورہی ہے، چین 32ارب روپے کی سرمایہ کاری کر رہا ہے بڑے بڑے منصوبے شروع کئے ہیں جس سے بیروزگاری میں کمی ہوگی اور ملک ترقی کی شاہراہ پر گامزن ہوگا،بہاولپور میں ایک ہزار میگا واٹ کا سولر پارک بنا رہے ہیں، ساہیوال میں بجلی پیدا کرنیوالا کوئلے کا پلانٹ لگا رہے ہیں۔

(جاری ہے)

داسو میں پن بجلی کا منصوبہ بن رہا ہے اس کے علاوہ اور منصوبے بھی شروع کئے ہیں جب یہ منصوبے مکمل ہو جائیں گے تو ملک میں بجلی وافر اور سستی ہوگی جس سے عوام لوڈشیڈنگ کے عذاب سے نجات پائیں گے، انہوں نے کہا راولپنڈی میں میٹرو بس سروس کے منصوبے کا آغاز ہوچکا ہے جب یہ منصوبہ مکمل ہوگا تو عوام کو سفر کی آرام دہ اور جدید سہولت ملے گی جس سے وقت بھی بچے گا، انہوں نے کہا کہ لانگ مارچ کا نعرہ لگانے والے بتائیں کہ انہوں نے خیبر پختونخوا میں دودھ کی نہریں بہا دی ہیں، ہمارا لانگ مارچ ترقی کا لانگ مارچ ہوگا، ملک اس وقت دہشت گردی کے بھیانک عذاب سے گزر رہا ہے جس کیلئے ہماری فوج ہمارے امن کیلئے اپنی جانیں قربان کررہی ہے، دہشت گردوں کا خاتمہ کرنے کیلئے شمالی وزیرستان میں آپریشن شروع کیا جس کی وجہ سے لاکھوں افراد وہاں سے نقل مکانی کرکے دوسرے علاقوں میں آئے ہیں انہوں نے بھی ہمارے لئے قربانی دی ہے اس لئے ہمارا فرض ہے کہ ہم سب ان کی مدد کریں اور ان کو تنہا ہونے کا احساس نہ ہونے دیں،

انہوں نے کہاکہ اسی سلسلے میں راولپنڈی میں ٹی 20میچ رکھا گیا جس میں قومی سٹار کھلاڑیوں نے شرکت کی اور یہاں کے میچ سے دو کروڑ روپے کی آمدن ہوئی ہے جو کہ آئی ڈی پیز کو دی جائیگی۔

صوبائی وزیر قانون اور کھیل رانا مشہود احمد نے کہا کہ شمالی وزیرستان کے متاثرین ہمارے بھائی ہیں اس مشکل وقت میں ہم سب ان کے ساتھ ہیں، فوجی آپریشن دو سے تین ماہ میں مکمل ہوگا اور متاثرین کی گھروں کو واپسی میں چھ ماہ لگیں گے،اس وقت آئی ڈی پیز کے ہرخاندان کو سات ہزار روپے دے رہے ہیں، انہوں نے کہا کہ جب ہم بنوں گئے تھے تو آئی ڈی پیز سے کہاکہ ہم آپ کی تمام ضروریات پوری کریں گے،ان کیلئے موبائل ہسپتال بھیجے گئے ہیں، ڈاکٹروں کی ٹیم بھی کام کررہی ہے، متاثرین اپنے آپ کو تنہا نہ سمجھیں، سپورٹس بورڈ پنجاب نے ان کے کیلئے چار ٹی 20 میچوں کی سیریز شروع کی ہے جس کا پہلا میچ راولپنڈی میں کھیلا گیا ہے اس کے بعد ملتان، فیصل آباد اور لاہور میں میچ ہوں گے، ان سے ہونیوالی آمدن آئی ڈی پیز کو دی جائے گی۔

اس موقع پر ڈی جی سپورٹس پنجاب عثمان انور نے کہا کہ سپورٹس بورڈ پنجاب متاثرین شمالی وزیرستان کی مدد کیلئے کوئی کسر نہیں چھوڑے گا،سپورٹس بورڈ پنجاب نے ان کیلئے خصوصی فنڈ ریزنگ مہم شروع کی ہے جس کیلئے ٹی ٹوئنٹی میچوں کی سیریز، پینٹنگ کی نمائش اور دیگر ایونٹس شامل ہیں، انشاء اللہ ہم اپنے آئی ڈی پیز کی بھرپور مدد کریں گے وہ ہمارے بھائی ہیں ہم ہر قدم پر ان کے ساتھ ہیں۔