مشکل میں گھرے پختون بہن بھائیوں کی مدد ہر پاکستانی کا قومی اوردینی فریضہ ہے ،شہباز شریف ،دہشتگردی کیخلاف جنگ کے نتیجے میں ان کو اپنے گھر بار چھوڑنا پڑے ، امن کیلئے گرمی کی شدت اور مشکلات برداشت کررہے ہیں ،ملاقاتوں کے دوران اظہار خیال ،فیصل آباد کے صنعتکاروں و تاجروں نے آئی ڈی پیز کیلئے 5کروڑ 10لاکھ کا چیک چیف منسٹرز ریلیف فنڈز میں دے دیا

اتوار 20 جولائی 2014 08:40

فیصل آباد (اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔20جولائی۔2014ء) وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف نے کہاہے کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ کے نتیجے میں شمالی وزیرستان کے پختون بہن بھائیوں کو اپنے گھر بار چھوڑنا پڑے ہیں-وہ پاکستان کے امن کے لئے گرمی کی شدت اور مشکلات برداشت کر رہے ہیں -مشکل میں گھرے بہن بھائیو ں کی مددہر پاکستانی کا قو می اوردینی فریضہ ہے -پنجاب حکومت بے گھر ہونے والے بہن بھائیوں کی مدد او ربحالی کے لئے بھر پور تعاون جاری رکھے گی -یہ بات انہوں نے فیصل آباد کے صنعتکاروں و تاجروں اور ڈی سی او نور الامین مینگل سے ملاقات کے دوران کہی ،فیصل آباد کے صنعتکاروں و تاجروں نے آئی ڈی پیز کیلئے 5کروڑ 10لاکھ روپے کا چیک چیف منسٹرز ریلیف فنڈ میں دیا-وزیراعلیٰ محمد شہبازشریف نے اس موقع پر فیصل آباد صنعتکاروں ‘تاجروں اور شہریوں کا شکریہ کرتے ہوئے کہاکہ مشکل میں گھرے بہن بھائیوں کی مدد ایک عبادت سے کم نہیں -مخیر حضرات کا نیک کام میں بڑھ چڑھ کر حصہ لینا لائق تحسین ہے -مصیبت زدہ بہن بھائیوں کی مدد کرنے والوں کے جذبہ ایثار کی جتنی بھی تعریف کی جائے کم ہے-