پاکستان خطے کے ملکوں کے ساتھ تجارتی تعلقات بڑھانے کو تیار ہے،اسحاق ڈار،وزیراعظم نوازشریف ہمسایہ ملکوں کے ساتھ پرامن تعلقات او ر خطے کی اقتصادی ترقی کے لئے سازگار ماحول پیدا کرنے کی سوچ رکھتے ہیں، اجلاس سے خطاب

اتوار 20 جولائی 2014 08:38

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔20جولائی۔2014ء)وفاقی وزیرخزانہ سینیٹراسحاق ڈار نے کہا ہے کہ پاکستان خطے کے تمام ملکوں کے ساتھ تجارتی اور سرمایہ کاری کے تعلقات برابری کی بنیاد پر بڑھانے کو تیار ہے۔ وہ ہفتہ اسلام آباد میں ایک اجلاس کی صدارت کر رہے تھے جس میں سارک رکن ملکوں کے ساتھ تجارت سے متعلق امور کا جائزہ لیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم نوازشریف ہمسایہ ملکوں کے ساتھ پرامن تعلقات او ر خطے کی اقتصادی ترقی کے لئے سازگار ماحول پیدا کرنے کی سوچ رکھتے ہیں۔

(جاری ہے)

اسحاق ڈار نے کہا کہ پاکستان سارک ملکوں کو تمام ضروری سہولیات فراہم کرے گا اور اسے بھی اپنی برآمدات کے لئے منڈی تک رسائی اور یکساں مواقع فراہم کیے جانے چاہئیں۔ وزیر تجارت خرم دستگیر نے اجلاس کو بتایا کہ وہ اگلے ہفتے بھوٹان میں ہونے والے جنوبی ایشیا کے آزادانہ تجارت کے سمجھوتے میں پاکستان کی نمائندگی کریں گے۔اس موقع پر سیکرٹری خارجہ اعزاز احمد چوہدری نے خطے کے تناظر میں سیاسی صورتحال کا جائزہ پیش کیا ' انہوں نے سارک ملکوں کے ساتھ تجارت اور سرمایہ کاری کے تعلقات کووسعت دینے کے طریقے تجویز کیے۔