عمران خان لانگ مارچ کا شوق پورا کریں انہیں کو ئی نظر بند نہیں کرے گا،پرویز رشید،ہم نے خود نظربند ہوکر عمران خان کو جمہوریت دی ہے،طاہر القادری سے مناظرے کیلئے طاہر اشرفی کافی ہیں ان کا مناظرہ کرلیں میں سرکاری ٹی وی پر براہ راست دکھانے کے لئے تیار ہوں،کیبل آپریٹر زایسوسی ایشن کے وفد سے بات چیت

اتوار 20 جولائی 2014 08:37

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔20جولائی۔2014ء) حکومت نے پاکستان عوامی تحریک کے سربراہ ڈاکٹر علامہ طاہر القادری کی مناظرے کی پیشکش کو قبول کرلیا۔ وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات سینیٹر پرویز رشید نے کہا ہے کہ طاہر القادری سرکاری ٹی وی پر حافظ طاہر اشرفی سے مناظرہ کرسکتے ہیں۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق وفاقی وزیر نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ طاہر القادری کا انقلاب کو منا ظرے میں تبدیل کرنا خوش آئندہ ہے مناظرے کیلئے حکومت کی جانب سے حافظ طاہر اشرفی کو پیش کرتے ہیں ۔

مناظرے کیلئے سرکاری ٹی وی کی خدمات پیش کرنے کی لئے بھی تیار ہیں‘ انہوں نے کہا کہ عمران خان کا لانگ مارچ ایک روزہ میچ ثابت ہوگا لانگ مارچ جلد ختم ہو نیوالے مارچ میں تیزی سے تبدیل ہورہا ہے جمہوری آزادی کی آڑ میں دہشت گردی کیلئے فضا ہموار کرنا حب الوطنی نہیں ہوگی۔

(جاری ہے)

بیان میں انہوں نے کہا کہ کسی کو دہشت گردی کی فضا پید اکرنے کی اجازت نہیں دیں گے۔

وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات سینیٹر پرویز رشید نے کہا ہے عمران خان حکومت کے خلاف لانگ مارچ کا شوق پورا کریں انہیں کو ئی نظر بند نہیں کرے گا، کیونکہ انہوں نے اگلے دن لندن چلے جانا ہے ،ہم نے خود نظربند ہوکر عمران خان کو جمہوریت دی ہے،ڈاکٹر طاہر القادری کے مناظرے کے لیے مولانا طاہر اشرفی ہی کافی ہیں وہ ان کے ساتھ مناظرہ کرلیں میں سرکاری ٹی وی پر براہ راست دکھاؤں گا۔

وہ ہفتہ کو کیبل اپریٹر زایسوسی ایشن کے چیئر مین خالد آرائیں وفد کی سربراہی میں ملاقات کرنیوالے وفد سے بات چیت کر رہے تھے۔ کیبل اپریٹرز نے وفاقی وزیر کو درپیش مسائل سے آگاہ کیا جس پر پرویز رشید نے پیمراحکام کو مسائل کے حل کرنے کی ہدایت کی۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ تمام چینلز دکھانے کے لیے کیبل اپریٹرز اپنا کردار ادا کریں اور وہ پیمرا قانون کی مکمل عملداری کریں۔

انہوں نے کہا کہ عمران خان 14اگست کو لانگ مارچ کر کے اگلے دن لندن چلے جائیں گے حکومت جمہوریت پر یقین رکھتی ہے ہم انہیں نظر بند نہیں کریں گے ہم نے خود نظر بند ہو کر عمران خان کو جمہوریت دی ہے۔ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ ڈاکٹر طاہر القادری نے اگر مناظرہ کرنا ہے تو ان کے لیے مولانا طاہر اشرفی ہی کافی ہیں اگر ڈاکٹر طاہرالقادری حامی بھر لیں تو میں یہ مناظرہ براہ راست سرکاری ٹی وی پر دکھانے پر تیار ہوں انہوں نے کہا کہ ڈاکٹر طاہرالقادری بھاری پتھر چوم کر اصل کام مناظرے کی طرف آگئے ہیں۔