آپریشن ضرب عضب‘ سکیورٹی فورسز کے ساتھ جھڑپ کے دوران مزید چار دہشت گرد ہلاک‘بارہ بارودی سرنگیں ناکارہ، بارودی سرنگیں تیار کرنے والی فیکٹری ‘ اسلحہ بارودی اور غیر ملکی کرنسی برآمد،میران شاہ کے بویا اور دیگان دو اہم دیہات کو دہشت گردوں سے کلیئر کردیا گیا ‘میر علی میں گھر گھر تلاشی جاری ہے‘ آئی ایس پی آر،کور کمانڈر لیفٹیننٹ جنرل خالد ربانی کا دورہ میر علی آپریشن میں مصروف فوجیوں سے ملاقات

اتوار 20 جولائی 2014 08:35

راولپنڈی (اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔20جولائی۔2014ء) شمالی وزیرستان میں جاری آپریشن ضرب عضب میں سکیورٹی فورسز کے ساتھ جھڑپ کے دوران مزید چار دہشت گرد ہلاک ہوگئے ہیں جبکہ آپریشن منصوبے کے مطابق آگے بڑھ رہا ہے اور دہشت گردوں کا صفایا اور انہیں ان کے ٹھکانوں سے بے دخل کیا جارہا ہے‘ میران شاہ کے بویا اور دیگان دو اہم دیہات کو دہشت گردوں سے کلیئر کردیا گیا ہے جبکہ بارہ بارودی سرنگیں ناکارہ بنادی گئی ہیں۔

آئی ایس پی آر کے سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ شمالی وزیرستان میں آپریشن منصوبے بنیادی کے مطابق آگے بڑھ رہا ہے اور دہشت گردوں کا صفایا اور انہیں ان کے ٹھکانوں سے نکال باہر کیا جارہا ہے میران شاہ کے بعد بویا اور دیگان جو کہ مقامی اور غیر ملکی دہشت گردوں کے مرکز کے طور پر جانے جاتے تھے ان دیہاتوں کو دہشت گردوں سے پاک کردیا گیا ہے

میر علی کے مقام پر مساکی ‘ ہرمز میں فورسز کی جانب سے گھر گھر تلاشی لی جارہی ہے میر علی اور اس کے ارد گرد کے علاقوں میں پھنسے ہوئے دہشت گرد راکٹ‘ مارٹر گولے ‘ بھاری مشین گنوں اور سنائپر رائفلز کے ذریعے فائرنگ کررہے ہیں ۔

(جاری ہے)

میر علی میں جھڑپ کے دوران چار دہشت گرد ہلاک ہوگئے جبکہ بارہ بارودی سرنگیں تباہ‘ ایک بارودی سرنگیں تیار کرنے والی فیکٹری‘ اسلحہ و گولہ بارود کا ذخیرہ اور غیر ملکی کرنسی بھی برآمد کرلی گئی ہے۔ دریں اثناء شمالی وزیرستان ایجنسی میں دہشت گردوں کے اہداف اور ان کے خفیہ ٹھکانوں کو ٹارگٹ بنانے کا عمل جاری ہے ہفتہ کے روز کور کمانڈر لیفٹننٹ جنرل خالد ربانی نے میر علی بویا اور دیگان علاقوں کا دورہ کیا اور آپریشن ضرب عضب میں مصروف فوجیوں کے ساتھ ملاقات کی۔

آئی ایس پی آر کے مطابق امدادی کارروائیوں میں بنوں ‘ ڈی آئی خان اور ٹانک کے مقامات پر آئی ڈی پیز کیلئے امدادی سامان کی تقسیم کا عمل جاری ہے اب تک ایک لاکھ تینتیس ہزار دو راشن کے تھیلے تقسیم کئے جاچکے ہیں۔ پاک فوج کے ملک بھر میں 59 امدادی عطیاتی پوائنٹس پر 6.1639 ٹن راشن جمع کیا جاچکا ہے اور بنوں پہنچا دیا گیا ہے فوج کی جانب سے گل نواز ہسپتال بنوں میں قائم فیلڈ میڈیکل ہسپتال میں 29101 مریضوں کا علاج کیا جاچکا ہے 16060 مویشیوں کو ویٹنری علاج معالجہ فراہم کیا گیا ہے جبکہ 40278 مویشیوں اور 566393 پولٹری کو ویکسینیشن دی جاچکی ہے۔