مذہبی، سیاسی وسماجی تنظیموں کی طرف سے فلسطین پراسرائیلی جارحیت کیخلاف کئی شہروں میں احتجاجی مظاہرے ، اسرائیل اپنے قیام کے بعد سے ہی مظلوم فلسطینیوں پر اذیت ناک مظالم ڈھا رہا ہے، امریکہ و یورپ اسرائیل کی پشت پناہی کر کے صرف مشر ق وسطیٰ ہی نہیں پوری دنیا کے امن کو شدید خطرات سے دو چار کر رہے ہیں، مقررین کا خطاب

جمعہ 18 جولائی 2014 08:08

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔18جولائی۔2014ء)مذہبی، سیاسی وسماجی تنظیموں کی طرف سے فلسطین پراسرائیلی جارحیت کے خلاف جمعرات کو بھی کئی شہروں میں احتجاجی مظاہرے کئے گئے، ریلیاں نکالی گئیں اور سحروافطار کے موقع پر بڑے اجتماعا ت کا انعقاد کیا گیا۔حیدر آباد میں جماعةالدعوة کی طرف سے یکجہتی فلسطین ریلی نکالی گئی جس میں مختلف مکاتب فکر اور شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔

جماعةالدعوة کی جانب سے آج جمعہ کو ملک گیر یوم احتجاج منایاجائے گا۔لاہور، اسلام آبادسمیت مختلف شہروں میں احتجاجی مظاہرے کئے جائیں گے اور ریلیاں نکالی جائیں گی جن میں جماعةالدعوة سمیت دیگر جماعتوں کے قائدین خطاب کریں گے۔ خطبات جمعہ میں علماء کرام اسرائیلی مظالم کو موضوع بنائیں گے اور نماز جمعہ کے اجتماعات میں مذمتی قراردادیں پیش کی جائیں گی۔

(جاری ہے)

لاہور میں احتجاجی مظاہرہ چوبرجی چوک میں کیاجائے گا۔ جماعةالدعوة کی طرف سے جمعرات کو بھی فلسطینیوں پر مظالم کے خلاف احتجاجی مظاہرے کئے گئے اور سحروافطار کے موقع پر اجتماعات کا انعقادکیا گیا۔

حیدرا ٓباد سے ملنے والی اطلاعات کے مطابق مرکز سعد بن معاذ گاڑی کھاتہ سے پریس کلب تک بڑی یکجہتی فلسطین ریلی نکالی گئی۔ اس موقع پر شرکاء نے ہاتھوں میں پلے کارڈز اور بینرزا ٹھا رکھے تھے جن پر اسرائیلی دہشت گردی کے خلاف تحریریں درج تھیں۔

فلسطینیوں پر مظالم کے تذکرہ پر ریلی میں شریک افراد میں زبردست غم و غصہ دیکھنے میں آیا۔اس دوران اسرائیل کے خلاف سخت نعرے بازی کی گئی۔ ریلی کے پریس کلب پہنچنے پر جماعةالدعوة سندھ کے ناظم فیصل ندیم و دیگر نے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ اسرائیل اپنے قیام کے بعد سے ہی مظلوم فلسطینیوں پر اذیت ناک مظالم ڈھا رہا ہے۔ غزہ کے مسلمانوں کو طویل عرصہ سے محصور رکھا گیا ہے۔

ماہ رمضان میں بھی انہیں چین سے رہنے نہیں دیا گیا۔ جماعة الدعوة غزہ کے مظلوموں کی آواز عوام تک پہنچانے کے لیے 18 جولائی کو یوم یکجہتی کے طور پر منا رہی ہے۔ جماعةالدعوة کی طرف سے جلوپارک لاہور کے ایک مقامی شادی ہال میں فلسطینیوں سے اظہاریکجہتی کیلئے پروگرام کا انعقاد کیا گیا۔ اس موقع پر جماعةالدعوة سیاسی امور کے سربراہ پروفیسر حافظ عبدالرحمن مکی نے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ مظلوم فلسطینیوں کو اسرائیلی مظالم سے نجات دلانے کے لیے یوم بدر کی فضا قائم کرنے کی ضرورت ہے۔

غزوہ بدر حق و باطل کے درمیان لڑی جانے والی اسلام کی پہلی جنگ ہے۔ جس طرح اللہ نے دین پر استقامت اختیار کرنے والوں کو ماہ رمضان میں بڑی بڑی فتوحات سے نوازا تھا، آج بھی اہل اسلام کی حفاظت کے لیے مسلمانوں کو اسی انداز سے اٹھنا پڑے گا۔ امریکہ و یورپ اسرائیل کی پشت پناہی کر کے صرف مشر ق وسطیٰ ہی نہیں پوری دنیا کے امن کو شدید خطرات سے دو چار کر رہے ہیں۔

مسلم حکمران فلسطین ، کشمیر و دیگر خطوں کے مظلوم مسلمانوں کے تحفظ کے لئے امریکہ کے نام نہاد دہشت گردی کے خلاف جنگ کے سلسلہ میں قائم اتحاد سے باہر نکل آئیں اور اسلام و مسلمانوں کے دفاع کو مدنظر رکھتے ہوئے پالیسیاں ترتیب دیں۔

جماعةالدعوة کے مرکزی رہنما پروفیسر ظفر اقبال نے سیالکوٹ، مولانا سیف اللہ خالدنے سندھ، مولانا نصر جاوید نے مریدکے، قاری یعقوب شیخ نے ملتان،مولانا ابو الہاشم نے مرکز اقصیٰ لاہور، حافظ طلحہ سعید نے فیصل آباد، گجرات، مولانا بشیر احمد خاکی نے کراچی، مولانا خالد سیف الاسلام اور علی عمران شاہین نے ننکانہ میں سحروافطار پروگراموں سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ اسرائیل امریکہ کے اشاروں پر نہتے فلسطینیوں کی نسل کشی کر رہا ہے۔

او آئی سی ، عرب لیگ و دیگر مسلمان ملکوں کے ادارے و حکمران کھل کر مظلوم فلسطینیوں کا ساتھ دیں۔پاکستان ، سعودی عرب و دیگر مسلم ممالک فلسطینی مسلمانوں کی زندگیاں بچانے کے لئے تمام تر کوششیں اور وسائل بروئے کار لائیں۔ اسرائیلی کی دہشت گردی کا جواب دینے کے لئے پوری امت مسلمہ متحد ہو جائے۔ مسلم دنیا اسرائیل کا ہر طرح سے بائیکاٹ کرے اور اس کے ساتھ سفارتی تعلقات ختم کئے جائیں۔اسرائیلی دہشت گردی پر مسلم امہ کسی صورت خاموش نہیں رہ سکتی۔