آزادی مارچ آئین کی بالادستی اور جمہوریت کو مستحکم کرنے کیلئے کیاجارہا ہے ،جاوید ہاشمی ، تمام سیاسی جماعتوں اور قوتوں کو دعوت دیتے ہیں وہ اس آزادی مارچ میں ہمارا ساتھ دیں ہم قوم کو آزاد کروانے جارہے ہیں، نواز شریف کو اب بھی لیڈر مانتا ہو ں مگر میرا لیڈر کئی کھو گیا ہے ،کرکٹر حلیمہ کی موت کی شفاف تحقیقات کروائی جائیں، پیپلز پارٹی کا انتشار کھل کر سامنے آچکا ہے گیلانی ، زرداری صاحب اور رضا ربانی کے بیان ایک دوسرے سے متصادم ہیں وہ ایک دن ہی میں ہمارے موقف کی تائید کرکے پیچھے ہٹ گئے ہیں،پریس کانفرنس سے خطاب

جمعہ 18 جولائی 2014 08:06

ملتان (اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔18جولائی۔2014ء)پاکستان تحریک انصاف کے مرکزی صدر مخدوم جاوید ہاشمی نے کہا ہے کہ آزادی مارچ آئین کی بالادستی اور جمہوریت کو مستحکم کرنے کیلئے کیاجارہا ہے، ہم تمام سیاسی جماعتوں اور قوتوں کو دعوت دیتے ہیں کہ وہ اس آزادی مارچ میں ہمارا ساتھ دیں ہم قوم کو آزاد کروانے جارہے ہیں، نواز شریف کو اب بھی لیڈر مانتا ہو ں مگر میرا لیڈر کئی کھو گیا ہے، کرکٹر حلیمہ کی موت کی شفاف تحقیقات کروائی جائیں ۔

یہ بات انہوں نے جمعرات کی شام اپنی رہائش گاہ پر پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہی ۔ انہوں نے کہا کہ آزادی مارچ کی تیاریاں شروع کردی گئی ہیں اور اگر پاکستان میں ایک دن میں الیکشن ہوکر نتائج آسکتے ہیں تو دوبارہ گنتی کا مرحلہ کوئی مشکل نہیں ہے ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ الیکشن کا آڈٹ ہمارا آئینی اور قانونی حق ہے انہوں نے کہا کہ چوہدری نثار نے پارلیمنٹ میں کھڑے ہوکر 70 حلقوں کے نتائج کی پیشکش کی تھی ہم نے ان کی بات مانتے ہوئے 170 حلقوں کا کہہ دیا ہے جو کہ مشکل نہیں ہے

انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی کا انتشار کھل کر سامنے آچکا ہے گیلانی ، زرداری صاحب اور رضا ربانی کے بیان ایک دوسرے سے متصادم ہیں وہ ایک دن ہی میں ہمارے موقف کی تائید کرکے پیچھے ہٹ گئے ہیں ۔

انہوں نے کہا کہ نندی پور پاور پراجیکٹ تین دن کے بعد ہی بند کردیا گیا ہے اس کا تخمینہ لاگت پچیس ارب سے بڑھاکر پچاس ارب کردیا گیا ہے حکمران بتائیں اس پچیس ارب کی کرپشن کا حساب کون دے گا ۔ انہوں نے کہا کہ لوڈ شیڈنگ کا جن پورے ملک میں بے قابو ہوگیا ہے مینڈیٹ چوری کرنے والے اربوں روپے لگا کر بھی لوڈ شیڈنگ کا بحران حل نہیں کرسکے ۔ انہوں نے کہا کہ جنوبی پنجاب خصوصاً میرے حلقہ انتخاب گلشت اور دوسرے علاقے میں بجلی اور گیس کی لوڈ شیڈنگ کرکے حکمران عوام کو پریشان کررہے ہیں انہوں نے کہا کہ رائیونڈ دہشتگردی کا واقعہ وزیراعظم ہاؤس سے ایک کلو میٹر کے فاصلے پر ہوا انہوں نے کہا کہ گزشتہ ایک سال سے امن وامان کی صورتحال کس کے کنٹرول میں ہے سب جانتے ہیں پہلے سانحہ لاہور رات دو بجے سے صبح بارہ بجے تک چلا کسی نے نوٹس نہیں لیا اور اب یہ رائیونڈ کا واقعہ پر وزیراعلیٰ پنجاب کو اپنی ناقص کارکردگی پر استعفیٰ دے دینا چاہیے ۔

انہوں نے کہا کہ میں نواز شریف کو اب بھی لیڈر مانتا ہوں مگر میرا لیڈر کئی کھو گیا ہے ۔

انہوں نے کہا کہ ملتان کی گرمی کراچی کی خونریزی اور رائیونڈ میں دہشتگردی سے ثابت ہوگیا ہے کہ موجودہ حکمران جو لٹیروں سے قومی دولت واپس لانے کے دعویدار اور حکمرانوں کو سڑکوں پر گھسیٹنے کی باتیں کرتے تھے وہ لیڈر اب نہیں مل رہے انہوں نے کہا کہ میری تمام سیاسی جماعتوں سے منت ہے کہ وہ آئین کی بالادستی اور قانون کی حکمرانی کے مطابق چلیں کام کریں اور عوام کا ساتھ دیں ورنہ یہ حکومت نہیں چل سکے گی انہوں نے ایک سوال کے جواب میں کہا کہ ملتان میں خاتون کرکٹر حلیمہ رفیق کی خود کشی کا واقعہ قابل مذمت ہے اس کی شفاف تحقیقات کرائی جائیں ۔