عدلیہ مخالف بیانات پر عمران خان کیخلاف توہین عدالت کی درخواست دائر،آئین کے آرٹیکل 204کے تحت اسمبلی رکنیت معطل کرنے کی استدعاء

جمعہ 18 جولائی 2014 08:02

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔18جولائی۔2014ء) عدلیہ مخالف بیانات پر پاکستان تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان کیخلاف توہین عدالت کی درخواست دائر کردی گئی ہے جس میں ان کی اسمبلی رکنیت معطل کرنے کی استدعا کی گئی ہے، درخواست اسلام آباد بار ایسوسی ایشن کے صدر نصیر کیانی اور نعیم گجر نے جمعرات کے روز سپریم کورٹ میں دائر کی ہے جس میں انہوں نے عمران خان‘ وفاقی حکومت‘ پیمرا اور دیگر اداروں کو فریق بناتے ہوئے موقف اختیار کیا ہے کہ عمران خان کی تقاریر اور بیانات آزاد عدلیہ پر حملہ ہیں، الیکشن 2013ء کے حوالہ سے سابق چیف جسٹس افتخار چوہدری پر دھاندلی کے الزامات لگا رہے ہیں جبکہ ان کا اس میں کوئی کردار نہیں تھا۔

(جاری ہے)

موجودہ ججز اس وقت بھی عدلیہ کا حصہ تھے اور آج بھی حصہ ہیں‘ عمران خان مسلسل عدلیہ کیخلاف توہین آمیز بیانات داغ رہے ہیں جو سراسر آزاد عدلیہ پر حملہ اور آئین و قانون کے منافی ہیں۔ درخواست گزاروں نے عدالت سے استدعاء کی ہے کہ تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان کیخلاف آئین کے آرٹیکل 204 توہین عدالت قانون کے تحت ان کیخلاف کارروائی کی جائے‘ ان کی اسمبلی رکنیت معطل کی جائے اور ان کو عدلیہ مخالف بیانات دینے سے روکا جائے۔