مقبوضہ کشمیر‘ 7 کشمیریوں کی شہادت کیخلاف احتجاجی ہڑتال اور مظاہرے،روزمرہ زندگی مفلوج‘ فلسطینی عوام کے قتل عام کیخلاف (آج) پرامن مظاہرے کئے جائینگے، مسلم ممالک اقوام متحدہ کی بے عملی کے خلاف احتجاج کرنے کیلئے اس ادارے سے اپنے اپنے ملکوں کی رکنیت کو فوری معطل رکھیں، اسرائیل کے ساتھ تمام تر سفارتی رابطے ختم کریں،سید گیلانی

جمعہ 18 جولائی 2014 08:01

سرینگر(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔18جولائی۔2014ء) مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فوجی گاڑی کی ٹکر سے سات کشمیریوں کی شہادت کے خلافجمعرات کو مکمل احتجاجی ہڑتال سے روزمرہ زندگی مفلوج ہوکر رہ گئی۔ سرینگر سمیت وادی کے دیگر مقامات پر احتجاجی مظاہرے کئے گئے۔ آج جمعہ کو بھی فلسطینی عوام کے قتل عام اور کشمیریوں پر ڈھائے جانے والے مظالم کیخلاف پر امن احتجاجی مظاہرے کئے جائیں گے۔

ہڑتال اور مظاہروں کی کال کل جماعتی حریت کانفرنس (گ) کے سربراہ سید علی گیلانی نے دی ہے۔ جمعرات کو سرینگر سمیت وادی کے دیگر مقامات پر تمام کاروباری مراکز‘ سرکاری و نیم سرکاری و تعلیمی ادارے اور بینک بند رہے جبکہ ٹریفک بھی معطل ہوکر رہ گئی جس سے نظام زندگی متاثر ہوکر رہ گیا۔ ہڑتال کے موقع پر سکیورٹی کے سخت ترین انتظامات کئے گئے تھے جگہ جگہ فوجی اہلکار تعینات کئے گئے تھے۔

(جاری ہے)

سکیورٹی کے باوجود کشمیریوں نے کئی مقامات پر احتجاجی مظاہرے کئے۔

اس دوران مظاہرین اور پولیس کے درمیان جھڑپوں کی بھی اطلاعات موصول ہوئی ہیں۔ واضح رہے کہ گذشتہ روز سرینگر میں ایک فوجی ٹرک نے جان بوجھ کر ایک پرائیویٹ گاڑی کو ٹکر ماردی جس کے نتیجے میں سات کشمیری موقع پرشہید ہوگئے۔ اس افسوسناک واقعہ کیخلاف سید علی گیلانی نے ہڑتال کی کال دی تھی۔

انہوں نے اپنے جاری بیان میں کہا کہ بھارت مختلف حربے اختیار کرکے کشمیریوں کی نسل کشی میں مصروف ہے تاہم انہوں نے واضح کیا کہ کشمیریوں کے حوصلے بلند ہیں اور یہ ظالمانہ کارروائیاں ان کی جدوجہد میں رکاوٹ نہیں بن سکتیں۔ علاوہ ازیں (آج) جمعہ کو بھی سرینگر سمیت پوری ریاست میں اس واقعہ اور فلسطینی عوام کے قتل عام کیخلاف پرامن احتجاجی مظاہرے کئے جائیں گے۔ نماز جمعہ کے بعد احتجاجی مظاہرے کئے جائیں گے۔ سید علی گیلانی نے مسلم ممالک سے اپیل کی کہ وہ اقوام متحدہ کی بے عملی کے خلاف احتجاج کرنے کیلئے اس ادارے سے اپنے اپنے ملک کی رکنیت کو فوری معطل رکھیں اور اسرائیل کے ساتھ تمام تر سفارتی رابطے ختم کریں اور اپنے اپنے ملکو ں میں اسرائیلی مصنوعات کی دآمد پر پابندی لگادیں