” وزیر اعظم کی ملکیت میں کوئی گاڑی ،سیونگ اکاؤنٹ اور طلائی زیورات نہیں“” 2012 ء میں اثاثوں کی مالیت 36 کروڑ16 لاکھ59 ہزار 827 روپے تھی“،الیکشن کمیشن نے نوازشریف کے کاغذات نامزدگی کی نقول تحریک انصاف کو دیدیں

جمعرات 17 جولائی 2014 07:46

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔17جولائی۔2014ء)الیکشن کمیشن آف پاکستان نے تحریک انصاف کو وزیر اعظم نواز شریف کے کاغذات نامزدگی کی نقول فراہم کر دی ہیں۔ بدھ کو الیکشن کمیشن آف پاکستان نے قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 120 کیلئے وزیر اعظم نواز شریف کے جمع کرائے گئے کاغذات نامزدگی کی نقول تحریک انصاف کو فراہم کی ہیں ۔کاغذات نامزدگی میں وزیر اعظم نواز شریف نے اپنی تعلیمی قابلیت بی اے اور پیشہ زراعت ظاہر کیا ہے ۔

الیکشن کمیشن کے مطابق کاغذات نامزدگی میں وزیر اعظم نے2010 ء میں 20 لاکھ 12 ہزار 989 ،2011 ء میں 25 ہزار1300 ،2012 ء میں 24 لاکھ 49 ہزار 556 روپے ٹیکس ادا کئے ہیں ۔وزیراعظم نے 2010 ء میں 5 کروڑ 20 لاکھ ،2011 ء میں 5 کروڑ 7 لاکھ 5 ہزار،2012 ء میں 83 لاکھ 74 ہزار982 آمدنی ظاہر کی ہے جبکہ کاغذات نامزدگی کے مطابق 2012 ء میں وزیر اعظم کے اثاثوں کی مالیت 36 کروڑ16 لاکھ59 ہزار 827 روپے ہیں ۔

(جاری ہے)

کاغذات نامزدگی کے مطابق وزیر اعظم کی ملکیت میں کوئی گاڑی ،سیونگ اکاؤنٹ اور طلائی زیورات نہیں ہیں ۔

یاد رہے کہ تحریک انصاف نے وزیراعظم کے خلاف قومی اسمبلی کے سپیکر کو ریفرنس بھیجنے کا اعلان کیا ہے جس میں کہا جائیگا کہ نوازشریف نے اپنے اثاثوں کے حوالہ سے غلط بیانی کی ہے او رمزید برآں انہوں نے پرویزمشرف سے بیرون ملک جانے کا معاہدہ کیا مگر قوم سے جھوٹ بولتے رہے اس طرح وہ آئین کے آرٹیکل 62اور 63پر پورے نہیں اترتے اس لئے انہیں نااہل قرار دیا جائے۔

تحریک انصاف نے یہ اقدام سابق چیف جسٹس افتخار محمد چوہدری کے بیٹے ارسلان افتخار کی طرف سے عمران خان کے خلاف ریفرنس دائر کرنے کی دھمکی کے بعد اٹھایا ہے تاہم قانونی حلقوں کا کہنا ہے کہ اس حوالہ سے گیند سپیکر اور اس کے بعد الیکشن کمیشن کے پاس آسکتی ہے۔