دوبئی میں لاپتہ پاکستانی کا معاملہ،بازیابی کیلئے ہر ممکن اقدامات کی یقین دہانی پر اسلام آباد ہائیکورٹ نے سیکرٹری خارجہ کے خلاف توہین عدالت درخواست نمٹادی،جواب طلب

جمعرات 17 جولائی 2014 07:45

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔17جولائی۔2014ء)اسلام آباد ہائیکورٹ نے دوبئی میں لاپتہ ہونیوالے پاکستانی شہری کی بازیابی کیلئے اقدامات نہ کرنے پر سیکرٹری خارجہ کے خلاف دائر توہین عدالت درخواست سرکاری وکیل کی طرف سے ہر ممکن اقدامات کی یقین دہانی پر نمٹا دی اور وزارت خارجہ سے جواب طلب کرلیا۔ بدھ کے روز اسلام آباد ہائیکورٹ میں قربان حسین راجہ بنام اعزاز احمد چوہدری کیس کی سماعت ہوئی۔

درخواست گزار کے وکیل بیرسٹر افضل حسین عدالت میں پیش ہوئے جبکہ وفاق کی طرف سے بیرسٹر جہانگیر میاں پیش ہوئے۔ درخواست گزار کے وکیل نے عدالت کو بتایا کہ قربان حسین راجہ جو ڈپٹی کمشنر انکم ٹیکس کے عہدہ سے ریٹائر ہوئے ہیں ان کا بیٹا عمر متین 2 مارچ 2014ء سے دبئی میں لاپتہ ہے۔

(جاری ہے)

اس کی بازیابی کے سلسلے میں کئی مرتبہ وزارت خارجہ سے رابطہ کیا گیا لیکن وزارت خارجہ کی جانب سے کوئی اقدامات نہیں کئے گئے۔

وکیل نے عدالت کو بتایا کہ گذشتہ پیشی پر عدالت کے جج جسٹس نورالحق این قریشی نے احکامات جاری کئے تھے کہ سیکرٹری خارجہ سرکاری طور پر دبئی حکومت سے رابطہ کریں تاکہ درخواست گزار کے بیٹے کی بازیابی کیلئے اقدامات کئے جاسکیں۔ وکیل نے عدالت کو بتایا کہ عدالت کے احکامات کے باوجود سیکرٹری خارجہ کی جانب سے عمرمتین کی بازیابی کیلئے کوئی اقدامات نہیں کئے گئے جس کیخلاف درخواست گزار نے سیکرٹری خارجہ اعزاز احمد چوہدری کیخلاف توہین عدالت کی درخواست دائر کی ہے۔

سماعت کے دوران وفاق کے وکیل بیرسٹر جہانگیر جدون نے عدالت کو یقین دہانی کروائی کہ وزارت خارجہ کی جانب سے عدالت میں جواب داخل کروادیا جائے گا اور حکومت درخواست گزار کے بیٹے کی بازیابی کیلئے ہرممکن اقدامات کرے گی۔ عدالت نے وفاق کے وکیل کی جانب سے عدالت کو جواب داخل کرانے کی یقین دہانی کروانے پر سیکرٹری خارجہ کیخلاف توہین عدالت کی درخواست نمٹاتے ہوئے کیس کی مزید سماعت غیر معینہ مدت کیلئے ملتوی کردی۔

متعلقہ عنوان :