جعلی مینڈیٹ والے حکمرانوں کے دن گنے جا چکے،ڈاکٹر طاہر القادری،یوم انقلاب کے دن کرپٹ نظام کے محافظین کی منزل جدہ نہیں جیل ہو گی، حقیقی جمہوریت کا قیام کڑے احتساب اور اصلاحات کے بعد ہو گا، انقلاب کے بعد حقیقی عوامی اقتدار قائم ہو گا ، منڈی بہاؤ الدین سے آئے ہوئے پاکستان عوامی تحریک کے عہدیداران سے گفتگو

جمعرات 17 جولائی 2014 07:39

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔17جولائی۔2014ء) پاکستان عوامی تحریک کے قائد ڈاکٹر محمد طاہر القادری نے کہا ہے کہ جعلی مینڈیٹ والے حکمرانوں کے دن گنے جا چکے ہیں،یوم انقلاب کے دن کرپٹ نظام کے محافظین کی منزل جدہ نہیں جیل ہو گی ۔وقت بتائے گا کہ یوم انقلاب والے دن چند ہزار نکلتے ہیں یا کروڑوں۔ جعلی مینڈیٹ کو کیسے تسلیم کیا جا سکتا ہے۔

حکمران آئین کے عوامی آرٹیکلز 3 سے 38 پر عمل نہ کر کے حق حکمرانی کھو چکے ہیں۔ دہشت گردوں کو تحفظ دینے والے حکمرانوں نے پاکستان کی سلامتی کو داؤ پر لگا دیا تھا اگر فوج بر وقت آپریشن کا فیصلہ نہ کرتی تو مٹھی بھر دہشت گرد ریاست پر مسلط ہو جاتے۔مذاکرات کے نام پر ایک سال تک وزیر اعظم نے آپریشن کو روکے رکھا۔ مقتدر طبقہ آئین پاکستان کا مذاق اڑا رہا ہے ۔

(جاری ہے)

آئین اور عوام کی حکمرانی کیلئے انقلاب کی کال جلد آنے والی ہے۔نام نہاد جمہوریت کا راگ الاپنے والے خاندانوں کے جیل جانے کا وقت قریب آ گیا ہے ۔حقیقی جمہوریت کا قیام کڑے احتساب اور اصلاحات کے بعد ہو گا ۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے گذشتہ روز مرکزی سیکرٹریٹ میں گجرات اور منڈی بہاؤ الدین سے آئے ہوئے پاکستان عوامی تحریک کے عہدیداران سے مشاورتی اجلاس کے دوران گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔

اس موقع پر ڈاکٹر حسن محی الدین،رحیق عباسی،شیخ زاہد فیاض،قاضی و دیگر بھی موجود تھے ۔ ڈاکٹر طاہر القادری نے کہا کہ انقلاب کے بعد حقیقی عوامی اقتدار قائم ہو گا اور موجودہ کرپٹ نظام کے ذریعے سے تجوریاں بھرنے والوں سے پائی پائی کا حساب لیا جائیگا۔ڈاکٹر طاہر القادری نے کہا کہ پاکستان عوامی تحریک کا انقلاب 20کروڑ عوام کو اقتدار میں شریک کرنا ہے۔انہوں نے کہا کہ یوم انقلاب کی تاریخ کے اعلان کے بعد دنیا کی کوئی طاقت اسے بدل نہیں سکتی ۔عوام پاکستان میری کال کا انتظار کریں،کال کے بعد وہ گھروں میں نہ بیٹھیں بلکہ نکل کر میرے ساتھ اس ملک سے ہمیشہ کیلئے استحصال پر مبنی جاگیردارانہ اور سرمایہ دارانہ نظام کو ختم کر دیں۔