تحریک انصاف کی کور کمیٹی کا آزادی مارچ کے موقع پرعمران خان کی نظربندی کی صورت میں پورے ملک میں شدید ردعمل کا فیصلہ، رکاوٹوں اور کارکنوں کی گرفتاریوں کی صورت میں بھی متبادل منصوبہ تیار کرلیا

جمعرات 17 جولائی 2014 07:35

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔17جولائی۔2014ء)پاکستان تحریک انصاف کی کور کمیٹی نے فیصلہ کیا ہے کہ آزادی مارچ کے موقع پر پارٹی چیئرمین عمران خان کی نظربندی کی صورت میں پورے ملک میں شدید ردعمل کا فیصلہ کیا ہے جبکہ رکاوٹوں اور کارکنوں کی گرفتاریوں کی صورت میں بھی متبادل منصوبہ تیار کرلیا گیا۔

(جاری ہے)

تفصیلات کے مطابق بدھ کے روز چیئرمین پاکستان تحریک انصاف عمران خان کی زیر صدارت تحریک انصاف کور کمیٹی کا اجلاس ہوا جس میں کور کمیٹی کی جانب سے 14 اگست کو آزادی مارچ کرنے کے فیصلے سمیت دیگر منصوبہ بندیاں بھی کی گئی ہیں کہ اگر آزادی مارچ کے دوران عمران خان کی نظربندی یا پھر مرکزی قیادت کی نظربندی کے تناظر میں وفاقی دارالحکومت سمیت ملک بھر میں تحریک انصاف کی جانب سے شدید ردعمل سامنے آئے گا جبکہ کارکنوں کو رکاوٹیں عبور کرنے اور ان کی گرفتاریوں کے حوالے سے بھی متبادل حکمت عمل تیار کرلی گئی ہے اور انتظامات کی دیکھ بھال کیلئے چار کمیٹیاں بھی تشکیل دے دی گئی ہیں جبکہ عمران خان 22 جولائی کو مرکزی کمیٹی تشکیل دیں گے۔

صوبائی صدور کو بھی اہم ترین ذمہ داریاں سونپی گئی ہیں اس کے علاوہ تحریک انصاف کا مرکزی قافلہ عمران خان کی زیر صدارت لاہور براستہ جی ٹی روڈ اسلام آباد پہنچے گا۔