لوڈ شیڈنگ کا مسئلہ حل نہ ہوا تو پنجاب کی بجلی بند کردیں گے ، وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا کی دھمکی ، واپڈا نے اپنا رویہ ٹھیک نہ کیا تو صوبائی حکومت ان کو دی گئی سکیورٹی واپس لے لے گی، صوبائی حکومت کا کام سسٹم کو اپ گریڈ کرنا نہیں یہ ذمہ داری وفاق کی ہے،ایک ہفتے کے اندر اندر 5 زیر تعمیر گرڈ اسٹیشنز کے لئے 3 ارب روپے منظور نہ کئے تو نتائج کی ذمہ داری ہم پر نہیں ہوگی اگر پنجاب ہماری گندم بند کرسکتا ہے تو ہم اس کی بجلی بھی بند کرسکتے ہیں ، بجلی کی غیراعلانیہ بندش کے خلاف عوامی دھرنے سے خطاب

جمعرات 17 جولائی 2014 07:32

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔17جولائی۔2014ء)خیبرپختونخوا کے وزیر اعلیٰ پرویز خٹک نے کہا ہے کہ اگر صوبے کو اس کا بجلی کا جائز حق نہ ملا تو مجبوراً پنجاب کی بجلی بند کردیں گے ۔

(جاری ہے)

وہ پشاور میں بجلی کی غیراعلانیہ بندش کے خلاف احتجاجی جلوس کے اختتام پر واپڈا ہاؤس پشاور کے سامنے عوامی دھرنے سے خطاب کر رہے تھے جس میں صوبائی وزراء اور ارکان قومی و صوبائی اسمبلی اور تاجربرادری کے علاوہ زندگی کے تمام شعبوں سے تعلق رکھنے والے لوگوں نے کثیر تعداد میں شرکت کی وزیراعلیٰ کا کہنا تھا کہ بجلی کی بلا روک ٹوک فراہمی ہمارا حق ہے جو ہمیں نہیں مل رہی ہمارا صوبہ اپنی ضرورت سے زیادہ بجلی، گیس اور تیل پیدا کررہا ہے لیکن ہمیں نہ تو بجلی ملتی ہے نہ ہی گیس دی جارہی ہے

انہوں نے کہا کہ خیبر پختونخواسالانہ 3ہزار 500 میگا واٹ بجلی پیدا کرتا ہے اور صوبے کی ضرورت صرف 2ہزار 400 میگا واٹ ہے اس طرح ہم اپنی ضرورت سے 900 میگا واٹ بجلی زیادہ پیدا کرتے ہیں کوٹے کے تحت صوبے کو 2ہزار میگا واٹ بجلی ملنی چاہیئے لیکن ہمیں صرف 13سو میگا واٹ مل رہی ہے خیبر پختونخوا 4 روپے فی یونٹ کے حساب سے بجلی پیدا کرکے مرکز کو دے رہا ہے لیکن مرکز ہم پر یہی بجلی 16 سے 18 روپے فی یونٹ فروخت کردیتا ہے پرویزخٹک نے کہا کہ اگر واپڈا نے اپنا رویہ ٹھیک نہ کیا تو صوبائی حکومت ان کو دی گئی سکیورٹی واپس لے لے گی صوبائی حکومت کا کام سسٹم کو اپ گریڈ کرنا نہیں یہ ذمہ داری وفاق کی ہے اگرایک ہفتے کے اندر اندر 5 زیر تعمیر گرڈ اسٹیشنز کے لئے 3 ارب روپے منظور نہ کئے تو نتائج کی ذمہ داری ہم پر نہیں ہوگی اگر پنجاب ہماری گندم بند کرسکتا ہے تو ہم اس کی بجلی بھی بند کرسکتے ہیں

وزیر اعلیٰ نے واضح کیا کہ ہمارا موجود ہ احتجاج علامتی ہے اسلئے وفاق اس کا فوری نوٹس لیکر ہمارے مسائل کا ازالہ کرے اور لوڈ شیڈنگ کے علاوہ ہمارے پن بجلی بقایا جات کی ادائیگی اکرے نیز کوئلے اور شمسی توانائی سے مہنگی بجلی بنانے اور قوم کا پیسہ ان پر لٹانے کی بجائے خیبرپختونخوا میں سستی بجلی کے منصوبوں پر سرمایہ کاری کرے انہوں نے کہا کہ وفاق نے ایک ہفتے کے اندر ہمارے مطالبات پر کان نہ دھرا تو ہم اضلاع کی سطح پر احتجاجی مارچ اور دھرنے بھی شروع کریں گے جو ظالم وفاقی حکومت سے نجات تک جاری رہیں گے۔