آپریشن ضرب عضب،بھاگتے دہشت گردوں پرپاک فوج کی کاری ضرب،35ہلاک،دہشت گرد فوجی گھیرا تنگ ہونے پر فرار ہونے کی کوشش کر رہے تھے، آئی ایس پی آر، میران شاہ کے بعد دیگر علاقوں کی جانب بھی پاک افواج کی کامیاب پیش قدمی جاری ،باجوڑ ایجنسی میں فورسز کی دہشت گردوں کے خلاف کارروائی ، 2 دہشت گرد ہلاک ،6 زخمی

جمعرات 17 جولائی 2014 07:25

راول پنڈی (اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔17جولائی۔2014ء) شمالی وزیرستان کے علاقے شوال میں پاک فضائیہ کی تازہ بمباری میں 35 دہشت گردوں کو ہلاک کردیا گیا ہے، جب کہ بمباری میں دہشت گردوں کے کئی ٹھکانے بھی تباہ ہوئے۔پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کی جانب سے جاری تازہ بیان میں کہا گیا ہے کہ بدھ کی صبح پاک فضائیہ کے لڑاکا طیاروں کی بمباری میں 35 دہشت گردوں کو ان کے منطقی انجام پر پہنچا دیا گیا، پاک فضائیہ کے شاہینوں نے شمالی وزیرستان کے علاقے شوال میں بمباری کے نتیجے میں 35 دہشت گرد ہلاک ہوئے، جب کہ لڑاکا طیاروں نے کامیابی سے دہشت گردوں کی مختلف کمین گاہوں کو بھی نشانہ بنایا۔

پاک افواج کے ترجمان کا کہنا ہے انٹیلی جنس رپورٹ کی بنیاد پر فضائی کارروائی کی گئی کہ دہشتگردوں کا ر خ وادی شوال کی جانب ہے مارے جانے والے دہشت گرد اپنے گرد فوجی گھیرا تنگ ہونے پر فرار ہونے کی کوشش کر رہے تھے۔

(جاری ہے)

دوسری جانب میران شاہ کے بعد دیگر علاقوں کی جانب بھی پاک افواج کی کامیاب پیش قدمی جاری ہے۔ادھرباجوڑ ایجنسی کے علاقے ماموند میں فورسز کی دہشت گردوں کے خلاف کارروائی میں 2 دہشت گرد ہلاک جبکہ6 زخمی ہوگئے۔سرکاری ذرائع کے مطابق دہشت گرد ماموند میں فورسز کی چیک پوسٹوں پر حملے کی منصوبہ بندی کررہے تھے کہ اس دوران فورسز نے ان دہشت گردوں کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے 2 دہشت گردوں کو ہلاک جبکہ چھ کو زخمی کر دیا