چین کے تعاون سے قوم کو لوڈ شیڈنگ کے عذاب سے نجات دلائیں گے ، ملک کو اندھیرو ں سے نکالیں گے ،شہباز شریف ،زراعت وصنعت کے فروغ او رمعیشت کی مضبوطی کے لئے بجلی ضروری ہے ،حکومت توانائی بحران پر قابو پانے کیلئے تمام تر ممکنہ کوششیں کررہی ہے ، ہائیڈل ، تھرمل کوئلے، سولر اور دیگر متبادل ذرائع سے 2017ء تک دس سے بارہ ہزارمیگاواٹ بجلی کے نئے منصوبے لگانے کیلئے منصوبہ بندی کر لی گئی ہے، توانائی کے شعبے میں سرمایہ کاری کے لئے بیرونی سرمایہ کاروں کو تمام ممکنہ سہولتیں فراہم کی جا رہی ہیں، وزیراعلیٰ کا اجلاس سے خطاب

بدھ 16 جولائی 2014 08:00

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔16جولائی۔2014ء) وزیراعلی پنجاب محمدشہبازشریف نے کہا ہے کہ پاکستان کو توانائی بحران سے نجات دلانے کے لئے تمام ترممکنہ کوششیں کی جا رہی ہیں - چین کے تعاون سے قوم کو اندھیروں سے باہر نکالیں گے - ہائیڈل اور تھرمل کے علاوہ کوئلے، سولر اور دیگر متبادل ذرائع سے 2017ء تک دس سے بارہ ہزارمیگاواٹ بجلی کے نئے منصوبے لگانے کے لئے منصوبہ بندی کر لی گئی ہے اور تیز رفتاری سے بعض منصوبوں پر عملدرآمد کا آغاز بھی ہو چکا ہے،وہ توانائی کے بارے میں وزیراعظم کی قائم کردہ خصوصی کمیٹی کے منعقدہ اجلاس سے خطاب کر رہے تھے - وفاقی وزیرمنصوبہ بندی و ترقیات احسن اقبال ، وفاقی وزیرریلوے خواجہ سعد رفیق، امور خارجہ کے مشیر طارق فاطمی کے علاوہ خزانہ، پانی و بجلی، منصوبہ بندی ، پاکستان ریلوے ، پورٹس اینڈ شپنگ کارپوریشن اور متعلقہ وزارتوں کے سیکریٹریز اور دیگر اعلی حکام نے اجلاس میں شرکت کی ،وزیراعلی محمد شہبازشریف نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ بجلی ہوگی توزراعت و صنعت کا پہیہ چلے گا اور معیشت مضبوط اور مستحکم ہوگی - حکومت توانائی کے بحران کو ہر صورت میں کنٹرول کرے گی اور اس کے لئے بیرونی سرمایہ کاروں کو تمام تر ممکنہ سہولتیں فراہم کی جارہی ہیں- محمدشہبازشریف نے کہا کہ چین کی سرمایہ کار کمپنیوں کی طرف سے پاکستان میں بجلی بالخصوص کوئلے سے بجلی پیدا کرنے کے منصوبوں میں حوصلہ افزاء تعاون اور سرمایہ کاری میں دلچسپی کا اظہار کیا گیاہے اور بعض کمپنیوں کے ساتھ معاہدوں کے بعد عملًا کام شروع ہوچکا ہے -

انہوں نے کہا کہ پنجاب میں کوئلے سے بجلی پیدا کرنے کے منصوبوں کے لئے کوئلے کی سپلائی و ترسیل کا جامع نظام پاکستان ریلوے کے تعاون سے وضع کر لیا گیا ہے ، وفاقی وزیر ریلوے خواجہ سعید رفیق نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ کوئلے سے بجلی پیدا کرنے کے منصوبوں کے لئے کوئلے کی پورٹ قاسم اور کراچی پورٹ سے ٹرانسپورٹیشن کے لئے پاکستان ریلوے ہر ممکن تعاون کرے گا- وفاقی وزیرمنصوبہ بندی احسن اقبال نے کہا کہ 4تا 7اگست پاک چائنہ توانائی کے ماہرین کے ورکنگ گروپ کے منعقد ہونے والے اجلاس کے لئے تمام متعلقہ وزارتیں اپنی قابل عمل تجاویز اور ضروری تیاری کو 26جولائی تک حتمی شکل دے دیں تاکہ بجلی کے جاری اور مجوزہ منصوبوں پر تیز رفتاری سے کام آگے بڑھ سکے - اجلاس کو بتایا گیا کہ پورٹ قاسم پر کوئلے کی سٹاکنگ اور ترسیل کے لئے تقریبا 16 ملین ٹن گنجائش پیدا کی جائے گی اور پرائیویٹ سیکٹر کی شمولیت سے کول ڈسچارج سسٹم مکمل ہوگا۔

متعلقہ عنوان :