آزادی مارچ ، عمران خان اور تحریک انصاف قیادت کو نظر بند کرنے پر غور

اتوار 13 جولائی 2014 07:44

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔ 13جولائی 2014ء) تحریک انصاف کو 14 اگست کے ممکنہ لانگ مارچ سے روکنے کے لئے جشن آزادی کی تقریبات کے علاوہ عمران خان سمیت پی ٹی آئی کی دیگر مرکزی قیادت کی نظر بندی کیلئے غورشروع کردیاگیاہے۔

(جاری ہے)

ایک قومی اخبار کے مطابق حکومت نے اس مرتبہ عمران خان کو 11 مئی کی طرز پر لانگ مارچ کیلئے کھلا میدان فراہم نہ کرنے اور سخت حکمت عملی اپنانے کا فیصلہ کیا ہے جبکہ سیکیورٹی پلان کے ڈرافٹ کی تیاری کیلئے وزارت داخلہ نے پولیس، رینجرز اور حساس اداروں سے تجاویز طلب کرلی ہیں جن کی روشنی میں ایک ٹھوس منصوبہ بندی کی جائے گی۔

ذرائع کے مطابق عمران خان کو لانگ مارچ سے روکنے کیلئے پہلے مختلف آپشنز پیش کئے جاسکتے ہیں کیونکہ شمالی وزیرستان میں دہشت گردوں کے خلاف آپریشن جاری ہے اور ملک اس قسم کی سیاسی سرگرمی کا متحمل نہیں ہوسکتا۔ اگر انہوں نے پروگرام تبدیل نہ کیا تو انہیں اور ان کی قیادت کو 14 اگست سے قبل ہاﺅس اریسٹ کیا جاسکتا ہے۔ذرائع نے دعویٰ کیاکہ عمران خان کیلئے نرم گوشہ رکھنے والے وزیراعظم نوازشریف یا وزیرداخلہ لانگ مارچ کا ارادہ ترک کرنے کا پیغام بھی بھجواسکتے ہیں لیکن امن وامان یقینی بنانے کیلئے اقدامات بھی ناگزیر ہوں گے