عمران خان کو آئین اور قوانین کی سمجھ نہیں ، خواجہ سعد رفیق ، سونامی کہیں یا بدنامی حکومت کو کوئی فرق نہیں پڑے گا ،پیپلز پارٹی فرینڈلی نہیں ، ذمہ دارانہ اپوزیشن کا کردار ادا کررہی ہے ، چوہدری نثار کا کوئی نعم البدل نہیں ، وفاقی کابینہ میں کوئی تبدیلی نہیں ہورہی ہے ، پاکستان کا سب سے بڑا مسئلہ دہشتگردی ہے ، ریلوے کی بہتری کیلئے اقدامات کررہے ہیں ،عید پر خصوصی ٹرینیں چلائینگے ، میڈیا سے گفتگو

اتوار 13 جولائی 2014 07:40

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔13جولائی۔2014ء) وفاقی وزیر خواجہ سعد رفیق نے کہا ہے کہ عمران خان کو آئین اور قوانین کی سمجھ نہیں ، سونامی کہیں یا بدنامی حکومت کو کوئی فرق نہیں پڑے گا ، وفاقی کابینہ میں کوئی تبدیلی نہیں ہورہی ہے ، پیپلز پارٹی فرینڈلی نہیں ذمہ دارانہ اپوزیشن کررہی ہے ،پاکستان کا سب سے بڑا مسئلہ دہشتگردی ہے،عید پر خصوصی ٹرینیں چلائینگے ریلوے کی بہتری کیلئے اقدامات کررہے ہیں۔

میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وزیر ریلوے خواجہ سعد رفیق کا کہنا تھا کہ (ن) لیگ اور پیپلز پارٹی کئی عشروں سے سیاست میں ہیں انہوں نے ماضی سے بہت کچھ سیکھا ہے ۔عمران خان کو آئین اور قوانین کی سمجھ نہیں ہم گاجر مولی نہیں ہے کہ ہمیں کوئی کاٹ دے گا ۔ ہم بھی سیاست کرتے آرہے ہیں سیاسی یتیم جی ایچ کیو کا سہارا لے رہے ہیں ۔

(جاری ہے)

ایک سوال پر انہوں نے کہا کہ ہمیں ارسلان افتخار کو بھڑکانے کی ضرورت نہیں ہے ان کے والد کو کوئی گالی دے گا تو وہ چپ کیسے رہ سکتے ہیں ۔

انہوں نے کہا کہ ہماری جماعت میں اختلاف کی گنجائش موجود ہے چوہدری نثار علی خان کا مسلم لیگ (ن) میں کوئی نعم البدل نہیں ہے وہ پارٹی کے سینئر ترین رہنما ہیں وفاقی کابینہ میں کوئی تبدیلی نہیں ہورہی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کا سب سے بڑا مسئلہ دہشتگردی ہے حکومت اس سے نمٹنے کیلئے اقدامات کررہی ہے ۔ عید پر خصوصی ٹرینیں چلائینگے ریلوے کی بہتری کیلئے اقدامات کررہے ہیں بھارت کا دورہ کروں گا اور ان کے تجربات سے بھی فائدہ اٹھائینگے ۔