انقلاب اورلانگ مارچ کاڈھول بجانے والی تانگہ پارٹیوں کوحالات کی سنگینی کاادراک اور عوام کودرپیش مشکلات کا احساس تک نہیں ہے ، عابد شیر علی،جوپارٹیاں انتخابی سیاست میں دلچسپی اوراسمبلیوں میں نمائندگی نہیں رکھتیں انہیں انتخابی نظام پرتنقیدکرنے کاکوئی حق نہیں پہنچتا ،جوسیاست کی ابجدتک نہیں جانتے وہ کیا نظام تبدیل کریں گے ،طاہرالقادری وضاحت کریں انہوں نے اسمبلی رکنیت سے کن وجوہات کی بناپراستعفیٰ دے کر کنیڈاکی شہریت حاصل کی ، اجلاس سے خطاب

اتوار 13 جولائی 2014 07:39

فیصل آباد (اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔13جولائی۔2014ء ) وزیر مملکت برائے پانی وبجلی عابد شیر علی نے کہا ہے کہ انقلاب اورلانگ مارچ کاڈھول بجانے والی تانگہ پارٹیوں کوحالات کی سنگینی کاادراک اور عوام کودرپیش مشکلات کا احساس تک نہیں ہے ،جوپارٹیاں انتخابی سیاست میں دلچسپی اوراسمبلیوں میں نمائندگی نہیں رکھتیں انہیں انتخابی نظام پرتنقیدکرنے کاکوئی حق نہیں پہنچتا ،جوسیاست کی ابجدتک نہیں جانتے وہ کیا نظام تبدیل کریں گے ۔

طاہرالقادری وضاحت کریں انہوں نے اسمبلی رکنیت سے کن وجوہات کی بناپراستعفیٰ دے کر کنیڈاکی شہریت حاصل کی ، علاوہ ازیں عابد شیر علی نے فیسکو ہیڈکوارٹرز کے دورہ کے موقع پرا جلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہموجودہ حکومت ملک بھر کے عوام کو بجلی کی مسلسل فراہمی یقینی بنانے کیلئے تمام تر وسائل بروئے کار لا رہی ہے اور جنگی بنیادوں پر گرڈسٹیشنوں کی اپ گریڈیشن اور دیگر تنصیبات کو اپ گریڈ کیا جا رہا ہے ۔

(جاری ہے)

وزیر اعظم میاں محمد نواز شریف کی خصوصی ہدایات پر اراکین قومی اسمبلی پر مشتمل کمیٹیاں بنا دی گئیں ہیں جو لوڈ شیڈنگ کے دورانیہ کو مانیٹر کرنے کے ساتھ ساتھ عوام کے مسائل کو بھی جلداز جلد حل کروانے میں اپنا کردار ادا کریں گی۔ ۔وزیر مملکت کا کہنا تھا کہ انھوں نے ذاتی دلچسپی لے کر بہاولپور، کسووال کے مقام پر عرصہ سے بند پڑے گرڈ سٹیشن سینکڑوں بندے لگوا کر صرف تین دن میں چالو کروایا جس سے ان علاقوں کے 30لاکھ سے زائد لوگوں کو فائدہ پہنچا ۔

انھوں نے بتایا کہ بجلی چوری کے خلاف خصوصی مہم کے دوران ملک بھر میں لاکھوں یونٹس بچائے گئے جبکہ بجلی کے کنکشن کے درخواستیں دینے والوں کو بھی بلا امتیاز میرٹ کی بنیاد پر کنکشن فراہم کئے گئے ۔

اس موقع پر فیسکو چیف خورشید عالم نے بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ فیسکو ملک بھر کی بجلی کی تقسیم کا ر کمپنیوں میں کم ترین لاسز اور بہترین ریکوری کے حوالے سے پہلے نمبر پر ہے اورامسال فیسکو نے ریکارڈ 104فیصد ریکوری کی ہے اوربجلی چوری کے خلاف مہم میں 921ملین کی ریکوری بھی کی گئی ۔

جس پر وزیر مملکت پانی و بجلی نے چیف ایگزیکٹو فیسکو اور ان کی ٹیم کی کاوشوں کو سراہتے ہوئے دیگر کمپنیوں کے لئے قابل تقلید قرار دیا اور اس کی مزید بہتری کیلئے ہدایات اور اپنے تعاون کا یقین دلایا ۔ اراکین قومی و صوبائی اسمبلی نے وزیر مملکت کو اپنے اپنے علاقوں میں عوام کے مسائل بارے آگاہ کیا جن کے ازالے کیلئے وزیر مملکت نے فوری طور پر احکامات جاری کئے ۔

انھوں نے فیسکو ریجن کے لنڈیانوالہ ، آدھی کوٹ گرڈسٹیشنوں کو بالترتیب 22دن اور 2ماہ کے قلیل عرصہ میں مکمل کرنے کے احکامات دیئے ۔ انھوں نے صوبائی اراکین اسمبلی سے کہا کہ خیبر پختونخواہ کی حکومت نے اپنے اراکین اسمبلی کو ٹرانسفارمر ز کی تبدیلی کیلئے فنڈز دیئے ان ٹرانسفارمرز کی تبدیلی کے کافی بہتری آئی ہے ۔ پنجاب کے اراکین صوبائی اسمبلی بھی وزیراعلیٰ سے ٹرانسفارمرز وغیرہ کیلئے فنڈز فراہمی کیلئے بات کریں ۔

لووولٹیج کی شکایات پر انھوں نے سپرنٹنڈنگ انجنئیرز سے ایک ہفتہ میں رپورٹ طلب کر لی ۔ انھوں نے فیسکوریجن میں میٹرز اور ٹرانسفارمرز کی کمی دور کرنے کیلئے اقدامات کرنے کے احکامات بھی دیئے ۔

انھوں شاکر اعوان، رجب علی بلوچ، چوہدری شہباز بابر، حمید الحق پر مشتمل لوڈمینجمنٹ کمیٹی بنانے کے احکامات دیئے جو فیسکو ریجن میں لوڈ شیڈنگ اور صارفین کی شکایات کی مانیٹرنگ کرے گی اور اس بارے میں وزیر مملکت کو رپورٹ پیش کرے گی ۔

وزیر مملکت نے ایس ای حضرات کو ہدایات کی کہ وہ منتخب اراکین اسمبلی کو برقی ترقیاتی کاموں کے حوالے سے آن بورڈ لے اور ترجیحی بنیادوں پر پرپوزلز کو مکمل کروائیں ۔ وزیر مملکت نے کہا کہ کرپشن اور نااہلی کو ہرگز برداشت نہیں کیا جا ئے گا۔ انھوں نے عوامی مسائل کے حل کیلئے فیسکو ریجن کے مختل اضلاع میں اراکین اسمبلی کے ساتھ کھلی کچہریاں منعقد کرنے کے احکامات بھی دیئے ۔ اجلاس میں فیصل آباد، سرگودھا، جھنگ اور بھکر کے اراکین اسمبلی حاجی اکرم انصاری، میاں عبدالمنان، طلال چوہدری، میاں فاروق، شہباز گجر، رجب بلوچ، چوہدری حامد حمید، عبدالمجیدخان اور طاہر جمیل نے شرکت کی۔

متعلقہ عنوان :