وزیراعلیٰ پنجاب کا اسلام آباد میں توانائی کے بارے میں وزیر اعظم کی تشکیل کردہ خصوصی کمیٹی کے اجلاس سے خطاب ،2017تک توانائی کے جاری تمام منصوبوں کی ہر قیمت پر تکمیل یقینی بنائی جائے گی،شہباز شریف، عوام کو لوڈ شیڈنگ کے اندھیروں سے ہر حال میں نجات دلائیں گے،سستی پن بجلی کی پیداوار میں اضافہ ترجیحات میں شامل ہے، مظفر گڑھ ، رحیم یار خان اور جھنگ کے منصوبوں کیلئے لا جسٹک سپورٹ کے حوالے سے تین متعلقہ وزارتوں کا ورکنگ گروپ تشکیل

اتوار 13 جولائی 2014 07:37

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔13جولائی۔2014ء)وزیر اعلیٰ محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ حکومت عوام کو لوڈ شیڈنگ کے اندھیروں سے ہر حال میں نجات دلائے گی ۔2017تک توانائی کے جاری تمام منصوبوں کی ہر قیمت پر تکمیل یقینی بنائی جائے گی۔مسائل اور پیچیدگیوں کے باوجود توانائی کے شعبے میں چین کے بھر پور تعاون کو قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں ۔ بجلی ہوگی تو ہمارے کھیت کھلیان لہرائیں گے۔

صنعت و معیشت کا پہیہ چلے گا اور عوام اور ملک خوشحال ہوں گے ، دن رات محنت اور پوری توجہ کے ساتھ پاکستان میں بجلی کے منصوبوں پر عمل درآمد پر خصوصی توجہ دی جا رہی ہے اور توانائی کا بحران حل ہونے تک ہم چین سے نہیں بیٹھیں گے۔وہ آج اسلام آباد میں وفاقی وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال کی زیر صدارت توانائی کے بارے میں وزیر اعظم کی تشکیل کردہ خصوصی کمیٹی کے اجلاس سے خطاب کر رہے تھے۔

(جاری ہے)

اجلاس میں وزیر دفاع و پانی و بجلی خواجہ محمد آصف ، وزرات پانی و بجلی ، ریلوے اور صوبائی وزرات تواناتی کے سیکرٹریزاور سینئر حکام نے بھی شرکت کی۔

وزیر اعلیٰ محمد شہباز شریف نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ سستی پن بجلی کی پیداوار میں اضافہ حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہے۔ توانائی بحران کے چیلنج کا مقابلہ کرنے کے لئے ہمیں کھڑا ہونا گا اور ہم دنیا اور آنے والی نسلوں کے سامنے بجلی کے بحران کو حل کرکے سرخرو ہوں گے۔

وزیر اعلیٰ نے کہا کہ بجلی پیدا کرنے کے لئے تھر مل ٹیکنالوجی پر زیادہ انحصار ماضی کی حکومتوں کی ایک بڑی غلطی تھی۔انہوں نے کہا کہ کثیرالجہتی حکمت عملی کے تحت وفاقی اور صوبائی سطح پر بجلی کے بحران کو حل کرنے کے اقدامات اٹھائے جار رہے ہیں جن میں کوئلے ، سولر اور دیگر متبادل ذرائع سے بجلی کے منصوبوں پر عمل درآمد ، بجلی و گیس کی چوری کے سد باب اور گردشی قرضوں پر کنٹرول شامل ہیں۔

اجلاس میں مظفر گڑھ ، رحیم یار خان اور جھنگ کے بجلی کے منصوبوں کے لئے لا جسٹک سپورٹ کے حوالے سے وزارت پانی و بجلی ، وزارت ریلوے اور وزارت منصوبہ بندی پر مشتمل ورکنگ گروپ بھی تشکیل دیا گیا۔ اجلاس سے وفاقی وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال اور وفاقی وزیر دفاع و پانی و بجلی خواجہ محمد آصف نے بھی خطاب کیا ۔ اجلاس کو بتایا گیا کہ گڈانی پراجیکٹ پی سی ون چند روز میں مکمل ہو جائے گا۔