وزیراعلیٰ پنجاب کا راولپنڈی میں رمضان بازار کا اچانک دورہ،اشیائے ضروریہ ،پھلوں اورسبزیوں کے معیاراورقیمتوں کا جائزہ لیا،رمضان بازاروں کے ذریعے ارزاں نرخوں پر اشیاء خوردونوش فراہم کی جارہی ہیں،حکومتی اقدامات سے عوام کو ریلیف مل رہا ہے ،عوام کو معیاری اشیاء کی سستے داموں فراہمی کے لئے رمضان بازاروں کو ذاتی طورپر مانیٹر کررہا ہوں:شہباز شریف، گراں فروشوں کے خلاف قانون کے مطابق سخت کاروائی کی جائے ، منتخب نمائندے اور انتظامیہ کے افسران تسلسل کے ساتھ قیمتوں کی مانیٹرنگ کریں:وزیراعلیٰ کی ہدایت

ہفتہ 12 جولائی 2014 07:46

راولپنڈی (اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔12جولائی۔2014ء)وزیراعلیٰ پنجاب محمدشہبازشریف نے کہا ہے کہ رمضان بازاروں کے ذریعے عوام کو ارزاں نرخوں پر اشیائے خورد و نوش فراہم کی جارہی ہیں ۔رمضان پیکیج کے تحت سستے آٹے کی فراہمی پر 5ارب روپے کی سبسڈی دی جارہی ہے ۔وزیراعلیٰ نے ہدایت کی کہ گراں فروشوں اور ناجائز منافع خوری کرنے والوں کے خلاف قانون کے مطابق سخت کاروائی کی جائے ۔

منتخب نمائندے اور انتظامیہ کے افسران تسلسل کے ساتھ قیمتوں کی مانیٹرنگ کریں، وہ حیدری چوک راولپنڈی رمضان بازار کے اچانک دورے کے موقع پر میڈیا کے نمائندوں سے گفتگو کر رہے تھے - راولپنڈی اسلام آباد میٹرو بس عمل درآمد کمیٹی کے چیئرمین محمدحنیف عباسی، سابق ایم پی اے ضیاء اللہ شاہ اور مسلم لیگ (ن) کے رہنما مقبول احمدخان بھی اس موقع پر موجود تھے ،وزیراعلیٰ محمدشہبازشریف نے کہا کہ رمضان بازاروں اورکھلی مارکیٹوں میں اشیائے ضروریہ کی قیمتوں اور معیار کی مکمل مانٹیرنگ کی جائے ۔

(جاری ہے)

رمضان بازاروں میں معیاری اشیاء کی دستیابی اور فراہمی ارزاں نرخوں پر تسلسل سے یقینی بنائی جائے -عوام کو معیاری اشیاء کی سستے داموں فراہمی کے لئے رمضان بازاروں کی میں ذاتی طورپر مانٹیرنگ کررہا ہوں۔

انہوں نے کہا کہ حکومت نے رمضان المبارک کے دوران عوام کو ممکنہ ریلیف فراہم کرنے کے لئے تمام تر ضروری اقدامات اٹھائے ہیں - حکومت کے بروقت اورموثر اقدامات سے عوام کو ریلیف مل رہا ہے ۔

محمدشہبازشریف نے رمضان بازار کے دورے کے موقع پر سبزیوں، پھلوں، گوشت، پولٹری پروڈکٹس ، چینی اور آٹے سمیت اشیائے خورد و نوش کے تمام سٹالوں کا یکے بعد دیگرے معائنہ کیا- انہوں نے دوکانداروں اور خریداروں سے روزمرہ استعمال کی اشیاء کی قیمتوں کے بارے میں معلومات حاصل کیں جس کے جواب میں خریداروں نے انہیں بتایا کہ رمضان بازاروں میں اوپن مارکیٹ کے مقابلے میں سستے اور ارزاں نرخوں پر انہیں اشیائے خورد و نوش مل رہی ہیں- وزیراعلیٰ محمدشہبازشریف اچانک حیدری چوک راولپنڈی رمضان بازار کے دورے پر پہنچے تو وہاں موجود خریداری کے لئے آئے ہوئے لوگوں نے انہیں اپنے درمیان پاکر انتہائی مسرت کا اظہار کیا اور بعض خواتین خریداروں نے وزیراعلی کو اپنے ذاتی مسائل بھی پیش کئے جن کے حل کے لئے وزیراعلیٰ نے موقع پر احکامات جاری کئے - وزیراعلیٰ نے حیدری چوک رمضان بازار میں دستیاب اشیائے خوردو نوش کی قیمتوں اور معیار پر مجموعی طور پر اپنے اطمینان کا اظہار کیا اور رمضان بازار میں محکمہ زراعت راولپنڈی کی طرف سے لگائے گئے گرین چینل سٹال پر موجود سبزیوں اور پھلوں کے معیار کو سراہا-وزیراعلیٰ نے جن خریداروں اور شہریوں سے رمضان بازار میں اشیائے خورد و نوش کی قیمتوں کے بارے میں استفسار کیا سب شہریوں نے مہنگائی کنٹرول کرنے حوالے سے وزیراعلیٰ کے اقدامات کی تعریف کی ۔

متعلقہ عنوان :