شہداء کا مشن جاری رکھنے کا عزم ،کنٹرول لائن کے دونوں اطراف سمیت دنیا بھر میں کشمیری کل یوم شہدائے کشمیر منائیں گے،مقبوضہ کشمیر میں ہڑتال ہوگی‘ مظفرآباد میں جہاد کونسل کے زیر اہتمام کشمیر پر خصوصی سیمینار ہوگاسید صلاح الدین اہم خطاب کریں گے،اسلام آباد میں حریت قائدین اقوام متحدہ کے مبصر دفتر میں یادداشت پیش کریں گے

ہفتہ 12 جولائی 2014 07:40

سرینگر(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔12جولائی۔2014ء) کنٹرول لائن کے دونوں اطراف سمیت دنیا بھر میں مقیم کشمیری (کل) اتوار کو یوم شہدائے کشمیر اس عزم اور جذبے کیساتھ منائیں گے کہ شہداء کا مشن کشمیریوں کو حق خودارادیت ملنے تک جاری رہے گا۔ اس روز مقبوضہ کشمیر میں ہڑتال ہوگی جبکہ مظفرآباد میں متحدہ جہاد کونسل کے زیراہتمام کشمیر پر ایک خصوصی سیمینار ہوگا۔

مقبوضہ کشمیر میں ہڑتال کی کال کل جماعتی حریت کانفرنس نے دی ہے جس کی تمام تنظیموں اور جماعتوں نے حمایت کی ہے۔ سرینگر سمیت ریاست بھر میں اتوار کو تمام کاروباری مراکز بند رہیں گے جبکہ ٹریفک بھی معطل ہوگی۔ اس موقع پر ریاست خاص کر سرینگر میں حفاظتی انتظامات مزید سخت کردئیے گئے ہیں جبکہ حریت قیادت کو یوم شہدائے کشمیر کے پروگراموں میں شرکت سے روکنے کیلئے دو روز قبل ہی اپنے گھروں میں نظربند کردیا گیا ہے۔

(جاری ہے)

حریت کانفرنس نے شہدائے کشمیر کو خراج عقیدت پیش کرنے کیلئے مختلف پروگرام اور سیمینار ترتیب دئیے ہیں۔

اس سلسلے میں ایک خصوصی سیمینار آزاد کشمیر کے دارالحکومت مظفرآباد میں ہوگا۔ سیمینار کا اہتمام متحدہ جہاد کونسل نے کیا ہے۔ سیمینار سہ پہر چار بجے نیلم ویو ہوٹل کے سبزہ زار میں شرروع ہوگا جس میں کشمیر کی سیاسی و عسکری قیادت شریک ہوگی۔

متحدہ جہاد کونسل کے چیئرمین سید صلاح الدین تحریک آزادی کشمیر کے موجودہ تناظر میں اہم خطاب کریں گے۔ سیمینار میں شرکت کرنے والوں کیلئے افطار ڈنر بھی دیا جائے گا۔

کل جماعتی حریت کانفرنس آزاد کشمیر شاخ کے زیراہتمام شہداء کو خراج عقیدت پیش کرنے کیلئے ایک سیمینار اسلام آباد میں صبح گیارہ بجے شروع ہوگا بعد میں حریت قائدین اسلام آباد میں اقوام متحدہ کے مبصر دفتر میں ایک یادداشت بھی پیش کریں گے۔

جس میں اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل پر زور دیا جائے گا کہ وہ کشمیر بارے اقوام متحدہ کی قراردادوں کو فوری طور پر عملی جامہ پہنانے کیلئے اقدامات اٹھائیں۔ واضح رہے کہ 13 جولائی 1931ء کو ڈوگرہ فوج نے کشمیریوں کا قتل عام کیا تھا جس کی یاد میں ہر سال کشمیری 13 جولائی کو یوم شہداء کے طور پر مناتے ہیں۔