پاکستان اور امریکہ کے تجارتی تعلقات کو مضبوط بنیادوں پر استوار کر رہے ہیں، انجینئرخرم دستگیر، امریکہ کو برآمدات اور امریکی سرمایہ کاری میں خاطر خواہ اضافے کیلئے حکمت عملی ترتیب دے دی ہے ،دونوں ممالک کے درمیان بزنس کانفرنس نومبر میں اسلام آباد میں منعقد ہو گی ،جس کی میزبانی وزارت تجارت کرے گی ،اس کانفرنس میں متعدد بڑی امریکی کمپنیوں کے نمائندوں کی شرکت متوقع ہے، امریکی پرنسپل ڈپٹی اسپیشل نمائندہ ایلزبتھ جونز سے ملاقات

جمعہ 11 جولائی 2014 05:38

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔11جولائی۔2014ء)وفاقی وزیر تجارت انجنئیرخرم دستگیر خان نے کہا ہے کہ پاکستان اور امریکہ کے تجارتی تعلقات کو مضبوط بنیادوں پر استوار کر رہے ہیں، امریکہ کو برآمدات اور امریکی سرمایہ کاری میں خاطر خواہ اضافے کیلئے حکمت عملی ترتیب دے دی ہے ،دونوں ممالک کے درمیان بزنس کانفرنس نومبر میں اسلام آباد میں منعقد ہو گی ،جس کی میزبانی وزارت تجارت کرے گی ،اس کانفرنس میں متعدد بڑی امریکی کمپنیوں کے نمائندوں کی شرکت متوقع ہے،ان خیالات کا اظہا ر وزیر تجارت نے پاکستان اور افغانستان کیلئے امریکی پرنسپل ڈپٹی اسپیشل نمائندہ ایلزبتھ جونز سے ملاقات کے دوران کیا۔

ملاقات میں پاکستان میں متعین امریکی سفیر رچرڈ اولسن بھی موجود تھے۔

(جاری ہے)

ملاقات میں مئی میں امریکہ میں منعقدہ ٹریڈ اینڈ انویسٹمنٹ فریم ورک ایگریمنٹ (ٹیفا) میں جاری کئے گئے جوائنٹ ایکشن پلان پر عملدرآمد کی رفتار کا جائزہ لیا گیا۔

اس موقع پر وفاقی وزیر تجارت نے امریکی حکومت کو ورلڈ بینک کے بورڈ آف گورنرز میں داسو ڈیم کیلئے پاکستان کی حمایت کرنے پرسراہا اور کہا کہ دونوں ممالک کے درمیان دیرینہ تعلقات کے باوجود امریکہ کی طرف سے حالیہ عشروں میں پاکستان کو قابل ذکر تجارتی مراعات نہیں دی گئیں۔

وزیر اعظم پاکستان میاں نواز شریف کے معاشی ویژن کے مطابق پاکستان اپنے تجارتی پارٹنروں سے امداد نہیں بلکہ تجارت کا خواہاں ہے ،تجارتی مواقعوں میں اضافے کیلئے ضروری ہے کہ پاکستانی مصنوعات کو امریکی منڈیوں تک رسائی دی جائے ۔وزیر تجارت نے کہا کہ رمضان المبارک کے بعد وزارت تجارت اور امریکی تجارتی نمائندوں کے درمیان باقاعدہ طور پر ملاقات متوقع ہے جس میں دونوں ممالک کے مابین تجارت میں اضافے کیلئے تبادلہ خیال کیا جائے گا۔

ملاقات میں امریکہ میں جوائنٹ ایکشن پلان کے حوالے سے پاکستانی خواتین کی سپورٹ، امریکی سرکاری اداروں کی جانب سے پاکستانی کمپنیوں سے خریداری اور پرائیوئٹ انویسٹمنٹ پر اقدامات کی پیش رفت کا بھی جائزہ لیا گیا۔وزیر تجارت نے امریکہ کی طرف سے ان معاملات پر عملی اقدامات کا مطالبہ کیا، جس پرامریکی نمائندئہ خصوصی نے کہا کہ وہ اس موضوع پر امریکی حکام سے بات کریں گی۔