پشاور اور لورالائی میں سکیورٹی فورسز پر حملوں میں 7 اہلکار جاں بحق، 3 زخمی،لورالائی میں فرنٹیئر کانسٹبلری کی چیک پوسٹ پر مسلح افراد کی فائرنگ میں 5 اہلکار شہید جبکہ پشاور کے علاقے چمکنی میں پولیس موبائل پرحملے میں 2 اہلکار شہید اورایک زخمی ہوگیا ،پولیس کی جوابی کارروائی میں ایک حملہ آور ہلا ک

جمعہ 11 جولائی 2014 05:20

پشاور/ کوئٹہ(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔11جولائی۔2014ء)پشاور اورلورالائی میں سکیورٹی فورسز پر حملوں کے نتیجے میں 7 اہلکار جاں بحق جبکہ 3 زخمی ہوگئے ، پولیس کی جانب سے جوابی کارروائی میں ایک حملہ آور بھی مارا گیا۔ تفصیلا ت کے مطابق بلوچستان کے ضلع لورالائی میں فرنٹیئر کانسٹبلری کی چیک پوسٹ پر مسلح افراد نے فائرنگ کی جس کے نتیجے میں 5 اہلکار شہید جبکہ 2 زخمی ہوگئے، ترجمان ایف سی کے مطابق لورالائی کے علاقے دکی میں کوئلے کی کانوں کی حفاظت کیلئے قائم کی گئی چیک پوسٹ پر مسلح افراد نے اندھا دھند فائرنگ کردی جس کے نتیجے میں اہلکاروں کو سنبھلنے کا موقع نہیں ملا جبکہ گولیاں لگنے سے نائک سرفراز، نائک ریاست، سپاہی اکبر خان، سپاہی ضیا خان اور سپاہی راشد فرید موقع پر ہی شہید ہوگئے جبکہ 2 اہلکار زخمی ہیں۔

(جاری ہے)

فائرنگ کے بعد ملزمان قریبی پہاڑی علاقوں میں فرار ہوگئے تاہم اطلاع ملنے ایف سی کی مزید نفری موقع پر پہنچ گئی جس کے بعد دہشتگردوں کی گرفتاری کے لئے علاقے میں سرچ آپریشن شروع کردیا گیا۔

دوسری جانب پشاور کے نواحی علاقے چمکنی میں پولیس موبائل پرحملے میں 2 اہلکار شہید اورایک زخمی ہوگیا ، اہلکاروں کی جوابی فائرنگ سے ایک حملہ آور بھی مارا گیا۔

دہشت گردوں کی فائرنگ سے جاں بحق ہونے والوں میں کانسٹیبل مختیار اور ڈرائیورشاہ سعود شامل ہیں، اہلکاروں کی جانب سے جوابی فائرنگ سیایک حملہ آور بھی مارا گیا جبکہ اس کے ساتھی فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے۔ پولیس نے مارے جانے والے دہشت گرد کی لاش قبضے میں لے لی۔ فائرنگ کے بعد پولیس کی بھاری نفری علاقے میں پہنچ گئی اور ناکہ بندی کرکے سرچ آپریشن شروع کردیا گیا۔