وزیراعلی شہباز شریف کی بیجنگ میں چینی وزیر خارجہ سے ملاقات،خطے کی صورتحال پر غور،ملاقات ایک گھنٹے تک جاری رہی، پاکستان میں چین کے تعاون سے زیرتکمیل ترقیاتی منصوبوں پر تبادلہ خیال بھی کیا گیا،اکنامک کوریڈور پر ہونے والی پیش رفت دونوں ملکوں کی قیادت کی اس منصوبے میں دلچسپی کی آئینہ دار ہے، میاں شہباز شریف،چین کے دروازے پاکستانی مہمانوں کیلئے ہر وقت کھلے ہیں،کسی منصوبے میں رکاوٹ نہیں آنے دیں گے، چینی وزیر خارجہ

جمعرات 10 جولائی 2014 07:24

بیجنگ(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔9جولائی۔2014ء)وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف نے بیجنگ میں چین کے وزیر خارجہ وانگ یی (Mr.

(جاری ہے)

Wang Yi)سے ملاقات کی -تقریبا ایک گھنٹے پر محیط اس ملاقات میں خطے کی صورتحال کے علاوہ پاکستان میں چینی تعاون سے زیر تکمیل ترقیاتی منصوبوں پر بھی تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا -وفاقی وزیرمنصوبہ بندی و ترقیات احسن اقبال بھی اس موقع پر موجود تھے-وزیر اعلی نے ملاقات کے دوران کہا کہ میں چین کی حکومت اور عوام کیلئے وزیر اعظم محمد نواز شریف کی طرف سے خیر سگالی کا پیغام لیکر آیا ہوں-انہوں نے کہا کہ ہم پاکستان کیلئے چین کے اقتصادی پیکیج پر عملدر آمد میں چینی وزیر خارجہ کے کردار پر ان کے شکر گزار ہیں -محمد شہباز شریف نے کہا کہ صرف ایک برس کی مختصر مدت میں مذکورہ اکنامک کوریڈور پر ہونے والی خاطر خواہ پیش رفت دونوں ملکوں کی قیادت کی بصیرت اور اس منصوبے میں غیر معمولی دلچسپی کی آئینہ دار ہے -

وزیر اعلی نے کہا کہ پاکستان نے دہشت گردی کے خلاف حتمی جنگ لڑنے کا فیصلہ کیا ہے کیونکہ ہم اس حقیقت سے آگاہ ہیں کہ ہمارے لئے دہشت گردی کے خاتمے کے بغیر کسی قسم کی ترقی ممکن نہیں-وزیر اعلی نے کہا کہ حکومت پاکستان گوادر منصوبے کو تیزی سے عملی شکل دے رہی ہے اور اس سلسلے میں قیمتوں کی ادائیگی کے بعد اراضی کے حصول کا کام مکمل بھی کیا جا چکا ہے -چینی وزیر خارجہ نے اس موقع پر کہا کہ چین کے دروازے پاکستان سے آنے والے مہمانوں کیلئے ہر وقت کھلے ہیں -انہوں نے کہا کہ چین کراچی لاہور موٹر وے سمیت اقتصادی پیکیج سے متعلق کسی بھی منصوبے میں رکاوٹ نہیں آنے دے گا اور اگر ہمیں اس مقصد کیلئے اپنے قواعد و ضوابط میں نرمی بھی کرنی پڑی تو اپنے دوست ملک پاکستان کی خاطر ہم اس کے لئے بھی تیار ہیں -وزیر خارجہ نے کہا کہ دہشت گردی کا خاتمہ چین اور پاکستان کا مشترکہ مسئلہ ہے اور دہشت گرد ہم دونوں کے دشمن ہیں -انہوں نے کہا کہ چین دہشت گردوں کے خلاف پاکستان کے آپریشن کی مکمل حمایت کرتا ہے ۔

متعلقہ عنوان :